Get Alerts

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی معروف انگلش فٹ بال کلب 'چیلسی' خریدنے کی دوڑ میں شامل

پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی معروف انگلش فٹ بال کلب 'چیلسی' خریدنے کی دوڑ میں شامل
پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی اہم سنگ میل طے کرنے کیلئے تیار ہیں، معروف انگلش فٹبال کلب چیلسی کے روسی مالک نے ٹیم کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد جاوید آفریدی نے چیلسی کلب خریدنے کی کوششیں شروع کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق انگلش فٹبال کلب چیلسی کے روسی مالک رومن ابرامووچ نے تصدیق کی ہے کہ وہ ٹیم کو فروخت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب خلیج ٹائمز کے مطابق معروف پاکستانی کاروباری شخصیت اور پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی چیلسی کلب خریدنے کی دوڑ میں شامل ہو گئے ہیں۔ جاویدآفریدی کی ٹیم کی چیلسی کلب خریدنے کے لیے میٹنگ بھی طے پا گئی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق جاوید آفریدی کی ٹیم کو سوئس کھرب پتی ہینس جارج کی طرف سے فٹ بال ٹیم کو خریدنے کے حوالے سےسخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چیلسی کے مالک رومن ابرامووچ نے کلب کی خریداری میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے جمعے کی آخری تاریخ مقرر کی ہے کہ وہ اس کلب کے لیے پیشکشیں جمع کرائیں۔2003 سے کلب کے مالک رہنے والے رومن ابرامووچ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ کلب کے لیے کم از کم 2.5 بلین ڈالر کی پیشکش کے منتظر ہیں۔ صرف چند دن پہلے، 55 سالہ ابرامووچ نے چیلسی کی 'انتظامی ذمہ داری اور دیکھ بھال کو اس کی خیراتی فاؤنڈیشن کے اراکین کو منتقل کرنے کے اپنے ارادے کا اعلان کیا تھا۔

یہ اقدام بظاہر یوکرین پر روسی حملے کے نتیجے میں ان کے خلاف برطانوی حکومت کی طرف سے عائد کردہ کسی بھی ممکنہ پابندیوں کے اثرات سے کلب کو دور کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق برطانیہ نے اس ہفتے ابرامووچ جیسے دولت مند روسیوں کو نشانہ بنانے کے لیے نئی قانون سازی کی تجویز پیش کی۔بدھ کے روز، ٹیم کو فروخت کرنے کے اپنے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے، ابرامووچ نے فروخت کو ایک تکلیف دہ اور ذاتی قربانی قرار دیا لیکن اس سے انہیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

ابرامووچ نے کہا کہ وہ اپنی ذاتی دولت میں سے تقریباً 2 بلین ڈالرز کی سرمایہ کاری کی واپسی کی کوشش نہیں کریں گے جو انہوں نے دو دہائیوں کے دوران چیلسی میں کی تھی۔

انہوں یہ بھی کہا کہ میں نے اپنے نمائندوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک خیراتی فاؤنڈیشن قائم کریں جبکہ یہ فروخت یوکرین میں جنگ کے تمام متاثرین کے فائدے کے لیے ہے اور اس سے ان کی مدد کی جائے گی۔