جمال خاشقجی کی منگیتر کا فٹبال کلب نیو کیسل یونائیٹڈ کے مداحوں سے سعودی ٹیک اوور کے خلاف آواز اٹھانے کا مطالبہ

جمال خاشقجی کی منگیتر کا فٹبال کلب نیو کیسل یونائیٹڈ کے مداحوں سے سعودی ٹیک اوور کے خلاف آواز اٹھانے کا مطالبہ
ترکی میں سعودی قونصل خانے میں قتل کیے جانے والے صحافی جمال خاشقجی کی منگیتر نے فٹبال کلب نیو کیسل کے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سعودی ٹیک اوور کے خلاف آواز اٹھائیں۔

عرب خبر رساں ادارے الجزیرہ پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق مقتول سعودی صحافی جمال خاشقجی کے منگیتر نے نیو کیسل یونائیٹڈ کے مداحوں پر ایک کھلے خط میں زور دیا ہے کہ وہ سعودی عرب کی جانب سے کلب کو خریدنے کے فیصلے کو مسترد کر دیں۔

واضح رہے کہ چند روز قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے زیرانتظام سرمایہ کاری گروپ، جس کی سربراہی سلطنت کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کر رہے ہیں وہ فٹبال کلب نیو کیسل یونائیٹڈ کو خریدنے جا رہا ہے۔

اس خبر کے سامنے آنے کے بعد مقتول سعودی صحافی جمال خاشقجی کی منگیتر نے ٹویٹر پر ایک کھلا خط پوسٹ کیا جس میں انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے فٹبال کلب خریدے جانے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کلب کے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ بھی اس فیصلے پر آواز بلند کریں۔



خیال رہے کہ سعودی شہزادہ ولی عہد محمد بن سلمان اب بھی اپنے ملک میں بڑے پیمانے پر مقبول ہیں لیکن مغربی ممالک میں سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل میں ان کے مبینہ کردار پر شکوک و شبہات کی وجہ سے انہیں پسند نہیں کیا جاتا۔

یاد رہے کہ 2018 میں ترکی کے شہر استنبول میں سعودی قونصل خانے کے اندر سرکاری ایجنٹوں نے صحافی جمال خاشقجی کو بہیمانہ طریقے سے قتل کر کے ان کی لاش کو تلف کر دیا تھا۔