فاسٹ بولر نسیم شاہ پی ایس ایل تک مکمل فٹ ہوں گے: چیف سلیکٹر وہاب ریاض

وہاب ریاض نے کہا کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے ٹاپ پرفارمرز کو بلائیں گے۔کیمپ میں ڈومیسٹک کے پرفارمرز اور ٹی ٹوئنٹی کے ممکنہ کھلاڑیوں کو بلایا جائے گا۔امید ہے 25 دسمبر تک نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کر دیں گے۔

فاسٹ بولر نسیم شاہ پی ایس ایل تک مکمل فٹ ہوں گے: چیف سلیکٹر وہاب ریاض

پنجاب کے مشیر کھیل اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کی صحت سے متعلق خوشخبری سنادی۔ چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ نسیم شاہ پی ایس ایل تک مکمل فٹ ہوں گے۔ نیوزی لینڈ سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان دسمبر کے آخر میں ہوگا۔

صوبائی مشیر کھیل وہاب ریاض نے لاہور میں مقامی سکول کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے کہا کہ نسیم شاہ سے ملاقات کی ہے ان کا ری ہیب پروگرام اچھا چل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کے ٹاپ پرفارمرز کو بلائیں گے۔کیمپ میں ڈومیسٹک کے پرفارمرز اور ٹی ٹوئنٹی کے ممکنہ کھلاڑیوں کو بلایا جائے گا۔ وہاب ریاض نے مزید کہا کہ ویمن کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ٹیم بہت اچھا کھیلی ہے۔

وہاب ریاض نے کہا کہ کپتان شان مسعود ڈومیسٹک کا بہترین پرفارمر ہے۔ اس کو پہلے مسلسل مواقع نہیں ملے۔انہوں نے کہا کہ امید ہے 25 دسمبر تک نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کر دیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز نسیم شاہ نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ری ہیبلیٹیشن کے آخری مرحلے کا آغاز کیا تھا۔

کھلاڑی کا ری ہیب ایک سٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ، ایک فزیوتھراپسٹ اور ایک ڈاکٹر کی نگرانی میں جاری ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق فی الوقت نسیم شاہ ہلکی جم ایکسر سائز اور جزوی بولنگ کر رہے ہیں۔کل سے بیٹنگ کا آغاز کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستانی بولر نسیم شاہ ستمبر میں ایشیا کپ کے دوران زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد برطانیہ میں ان کی سرجری کی گئی۔ سرجری کے بعد نسیم بحالی اور تربیت کے لیے دو ماہ تک برطانیہ میں ہی رہے تھے۔