محمد وسیم قومی کرکٹ ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر اور سلیم یوسف کرکٹ کمیٹی کے سربراہ مقرر

محمد وسیم قومی کرکٹ ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر اور سلیم یوسف کرکٹ کمیٹی کے سربراہ مقرر
پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے سابق کرکٹر محمد وسیم کو چیف سلیکٹر اور سلیم یوسف کو کرکٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ محمد وسیم اور سلیم یوسف دونوں کی تقرری تین سال کے لیے کی گئی ہے اور یہ دونوں ورلڈ کپ 2023 تک اپنی ذمے داریاں انجام دیتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ سابق چیف سلیکٹر اور قومی ٹیم کے موجودہ ہیڈ کوچ مصباح الحق نے چیف سلیکٹر کو عہدہ چھوڑ دیا تھا۔ محمد وسیم آئندہ سال جنوری میں پاکستان کے دورے پر آنے والی جنوبی افریقی ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے لیے ٹیم منتخب کرنے کے ساتھ اپنے کام کا آغاز کریں گے۔

دوسری جانب کرکٹ کمیٹی کے ئے سربراہ سلیم یوسف نے آخری مرتبہ بطور رکن سلیکشن کمیٹی پی سی بی کے ساتھ کام کیا تھا اور وہ 2013 سے 2015 تک قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن رہے۔

سلیم یوسف اب کرکٹ کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے کام کریں گے اور ان کے پینل میں علی نقوی( میچ آفیشلز کے نمائندہ)، عمر گل ( ڈومیسٹک کرکٹرز کے نمائندہ)، عروج ممتاز (خواتین کرکٹرز کی نمائندہ)، وسیم اکرم (سابق کرکٹر اور میڈیا کے نمائندہ) شامل ہیں۔