عماد وسیم کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

عماد وسیم نے کہا کہ 121 ون ڈے اور ٹی 20 میچز کھیل کر میرا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔ وہ میرا بہت اچھا وقت تھا جو کوچز اور ساتھیوں کے ساتھ شاندار رہا۔ اب توجہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ہٹ کر اپنے کریئر کے اگلے مرحلے پر ہوگی۔

عماد وسیم کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

قومی ٹیم کے تجربہ کار آل راؤنڈر عماد وسیم نے ٹیم سے مسلسل باہر ہونے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری اپنے ایک بیان میں عماد وسیم نے کہا کہ میں نے کافی سوچ بچار کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے اتنے عرصے تک سپورٹ کیا۔ پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات تھی۔

عماد وسیم نے کہا کہ 121 ون ڈے اور ٹی 20 میچز کھیل کر میرا خواب شرمندہ تعبیر ہوا۔ وہ میرا بہت اچھا وقت تھا جو کوچز اور ساتھیوں کے ساتھ شاندار رہا۔

انہوں نے پاکستانی شائقین اور اپنے مداحوں، دوستوں، فیملی کی سپورٹ پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ سب کچھ آپ کی وجہ سے ہی ممکن ہوسکا۔

قومی آل راؤنڈر کا مزید کہنا تھا کہ اب وقت نئے کوچز اور نئی قیادت کے ساتھ آگے بڑھنے کا ہے۔ جن کے لیے وہ نیک تمنائیں رکھتے ہیں اور وہ ٹیم کو آگے بڑھتے دیکھنا اور کامیابی حاصل کرتا دیکھنا چاہتے ہیں۔

عماد وسیم نے یہ بھی اعلان کیا کہ اب ان کی توجہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ہٹ کر اپنے کریئر کے اگلے مرحلے پر ہوگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے سوشل میڈیا پلٹ فارم ایکس پرعماد وسیم کو پاکستان اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ان کی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔