Get Alerts

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے استعفیٰ دے دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے استعفیٰ دے دیا
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وسیم خان نے چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بورڈ آف گورنرز (بی او جی) آج اس معاملے پر غور کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم خان اختیارات میں کمی کے معاملے پر ناخوش تھے۔ وسیم خان نے رمیز راجہ کے ساتھ مزید معاملات نہ چلنے کی بنیاد پر عہدے سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔ وسیم خان کی پی سی بی کے ساتھ معاہدے کی مدت اگلے سال فروری میں مکمل ہونا تھی۔

یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے محض چند ہفتے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور باؤلنگ کوچ وقار یونس نے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔

مصباح الحق نے بائیوسیکیور ببلز کو استعفیٰ دینے کی وجہ بتایا تھا جبکہ وقار یونس کا کہنا تھا کہ مصباح کے منصوبے جاننے کے بعد ان کے لیے آسان اور سیدھا فیصلہ تھا۔ دونوں سابق کھلاڑیوں کا ستمبر 2019 میں تقرر کیا گیا تھا اور کے معاہدوں کی ایک سال کی مدت باقی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں ڈائریکٹر کرکٹ کا عہدہ متعارف کروانے کا پلان بنایا گیا ہے۔ چیف ایگزیکٹو کی جگہ اب ڈائریکٹر کرکٹ کا عہدہ متعارف کرایا جا سکتا ہے اور قانونی پیچیدگیوں اور ان کے حل کے بعد ڈائریکٹر کرکٹ کا عہدہ لایا جائے گا۔ چئیرمین پی سی بی رمیز راجہ نئی پوسٹ لانے کے خواہشمند ہیں جس کے بعد چیف ایگزیکٹو کے اختیارات چیئرمین کے پاس ہوں گے۔

چند ہفتے قبل یہ بات سامنے آئی تھی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے نومنتخب چیئرمین رمیز راجا کی جانب سے سابق چیئرمین احسان مانی کے مقرر کردہ عہدیداران پر انحصار کرنے کے بجائے اپنے کرکٹ منصوبوں پر عملدرآمد کے لیے ڈائریکٹر کرکٹ کا عہدہ بنائے جانے کا قوی امکان ہے۔

یہ بات بھی سامنے آئی کہ وسیم خان کی مدت پوری ہونے کے بعد رمیز راجا کوئی نیا سی ای او مقرر نہیں کریں گے بلکہ ان اختیارات سے بھی لطف اندوز ہونے کو ترجیح دیں گے اور فروری 2022 تک وسیم خان کو احسان مانی کی جانب سے دیے گئے اختیارات کو کس طرح کنٹرول کریں گے۔

قبل ازیں رواں سال مارچ میں رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے عہدے میں ایک سال کی توسیع کے خواہشمند چیف ایگزیکٹو وسیم خان کی درخواست اس وقت تک روک دی ہے جب تک بورڈ کے پیٹرن ان چیف وزیر اعظم عمران خان سابق پی سی بی چیئرمین احسان مانی کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ نہیں لے لیتے کہ اس سال ستمبر میں ان کی 3 سال مدت میں توسیع کی جائے گی یا نہیں۔

پی سی بی نے فروری 2021 میں ان کی توسیع کے بارے میں فیصلہ کرنا تھا لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔

واروِک بزنس اسکول سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کرنے والے وسیم خان سابق پیشہ ور کرکٹر ہیں۔ انہوں نے 1995 سے 2001 تک انگلینڈ میں کاؤنٹی کرکٹ کھیلی جس دوران انہوں نے واروک شائر، سَسیکس اور ڈربے شائر کی نمائندگی کی۔

انہوں نے آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ میں بھی کرکٹ کھیلی اور 58 میچز پر مشتمل اپنے فرسٹ کلاس کریئر میں 2 ہزار 835 رنز بنائے جس میں 5 سنچریاں اور 17 نصف سنچریاں شامل تھیں، ان کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور 181 تھا۔