انضمام الحق کو دل کا دورہ، ہسپتال میں زیر علاج، سچن ٹنڈولکر سمیت دیگر کھلاڑی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو

انضمام الحق کو دل کا دورہ، ہسپتال میں زیر علاج، سچن ٹنڈولکر سمیت دیگر کھلاڑی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کو گزشتہ رات دل کا دورہ پڑا تھا، انھیں فوری طور پر لاہور کے ایک مقامی ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انضمام الحق کی انجیوپلاسٹی کر دی گئی ہے، انھیں ایک سٹنٹ ڈالا گیا ہے، اس وقت وہ انتہائی نگہداشت وارڈ میں ہیں۔ خاندانی ذرائع کے مطابق انضمام الحق اب طعبیت اب بہتر ہے، ان کی مکمل صحتیابی کیلئے عوام سے دعائوں کی درخواست ہے۔

انضمام الحق کو ہارٹ اٹیک کی خبر سامنے آنے کے بعد دنیا بھر سے ان کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سچن ٹنڈولکر نے اپنے بیان میں کہا کہ میں اپنے ہمسر کھلاڑی کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہوں، میں نے انھیں ہمیشہ ایک فائٹر کے طور پر دیکھا، میں امید کرتا ہوں کہ وہ جلد مزید مضبوط ہو کر سامنے آئیں گی۔

انڈیا کے سابق کپتان اظہر الدین نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ میری دعائیں انضی بھائی‘ کیساتھ ہیں ان کی حال ہی میں انجیوپلاسٹی ہوئی ہے، میں اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہوں کہ انھیں جلد از جلد صحتیابی عطا فرمائے۔

کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے بھی انضمام الحق کیلئے نیک تمنائوں اور جلد صحتیابی کا پیغام بھیجا، ان کا کہنا تھا کہ میری دعا ہے کہ وہ جلد صحتیاب ہوں اور سالوں تک کھیل کا حصہ بنے رہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے ٹویٹ میں لکھا کہ ’اللہ تعالیٰ انہیں جلد صحت عطا فرمائے۔ پی سی بی کے ٹویٹر اکائونٹ سے بھی خصوصی پیغام میں کہا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ فینز سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم انضمام الحق کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

پاکستانی وکٹ کیپر محمد رضوان نے بھی اپنے پیغام میں لیجنڈ کھلاڑی کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا ہے وہ پاکستان کا فخر ہیں، میری دعا ہے کہ وہ جلد صحتیاب ہوں۔