کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا ہے کہ نواز شریف سے جیل میں رابطہ توڑنے کے لیے نیا کیس بنایا گیا ہے۔ جبکہ شہباز شریف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ مولانا فضل الرحمان کے کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما اور نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ عوام جانتے ہیں کہ نواز شریف کے ساتھ ایک رابطہ جڑا ہوا تھا، جیل میں ملاقات سے رابطے کو توڑنے کے لیے نواز شریف کے خلاف نیا کیس بنایا گیا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے حسین نواز کو آزادی مارچ سے متعلق خط لکھ دیا ہے، آزادی مارچ کے دوران حسین نواز مولانا فضل الرحمان کے ساتھ رابطے میں رہیں گے اور اپنے والد کی ہدایات مولانا فضل الرحمان کو وقتاً فوقتاً بتاتے رہیں گے۔
مسلم لیگ ن کے صدر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ شہباز شریف، مولانا فضل الرحمان کے کندھے سے کندھا ملا کر چلیں گے۔ شہباز شریف کو کم نہ سمجھا جائے، وقت آنے پر وہ بھی ٹائم بم ثابت ہو سکتے ہیں۔