ہارٹ اٹیک سے بچنے کیلئے روزانہ کتنا پانی پینا ضروری ہے؟

ہارٹ اٹیک سے بچنے کیلئے روزانہ کتنا پانی پینا ضروری ہے؟
امریکی اکیڈمی آف سائنسز اینڈ میڈیسن نے تجویز تجویز کیا گیا ہے کہ مردوں کو روزانہ 3.7 لیٹر جبکہ خواتین کو 2.7 لیٹر پانی پینا چاہیے۔ اس لئے ہر شخص کو اس جانب توجہ دینے کی ضرورت ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر کتنی مقدار میں پانی پیتا ہے۔

طبی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ روزانہ پانی کی مناسب مقدار میں استعمال کافی حد تک ہارٹ اٹیک سے محفوظ رکھتا ہے۔ یہ اس سے بچنے کا سب سے آسان طریقہ ہے کیونکہ اس کا مقصد جسم کو خشکی سے بچانا ہے۔

جسم کو خشکی سے محفوظ رکھنے کیلئے پانی بہترین ذریعہ ہے، تاہم چائے، چکنائی سے پاک ڈیری مصنوعات تازہ پھلوں کا رس اور سبزیوں کا استعمال بھی ضروری ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جسم کو پانی کی کمی کی صورت میں یہ خشکی کا شکار ہونا شروع ہو جاتا ہے جس سے بالاخر ہارٹ اٹیک کا خدشہ پیدا ہو جاتا ہے۔ زیادہ مقدار میں پانی پینے سے خون میں سوڈیم کا تناسب برقرار رہے گا، بلڈ پریشر کا اندیشہ بھی نہیں ہو گا اور ہارٹ اٹیک کی نوبت بھی نہیں آئے گی۔

اس لئے اگر جسم میں پانی کی مقدار کم ہے تو اسے بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ دل کو صحتمند رکھنے کیلئے پانی زیادہ مقدار میں پینا بہت ضروری ہے۔ اس سے ناصرف جسم میں خون کی گردش مناب طریقے سے جاری رہتی ہے بلکہ خون کا دبائو بھی مقررہ حد کے اندر رہتا ہے۔

طبی مطالعے میں بائیں وینٹریکل کی دیوار کی موٹائی بڑھنے اور پانی کے زیادہ استعمال کے درمیان تعلق کا بھی جائزہ لیا گیا۔ خیال رہے کہ بایاں وینٹریکل دل کا اہم پمپنگ چیمبر ہے جس کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکل صورتحال دل کیلئے خطرے کا سبب ہو سکتی ہے۔

امریکی ڈاکٹروں نے اپنی اس طبی تحقیق کیلئے 25 سال کا عرصہ صرف کیا اور 44 سے 66 برس کے شہریوں پر تحقیق کی۔ اس کیلئے رضاکاروں کے چار گروپس بنا کر ان کے خون میں سوڈیم کے تناسب کا گراف دیکھا گیا۔

اس حوالے سے جن افراد پر طبی تحقیق کی گئی ان کے بارے میں بھی مختلف عوامل کو بھی پیش نظر رکھا گیا تھا، مثال کے طور پر عمر، بلڈ پریشر، گردوں کے افعال، کولیسٹرول، شوگر، جسامت اور تمباکو نوشی بھی اس میں شامل تھی۔

ڈاکٹروں نے اپنی تحقیق میں کہا کہ عمر کی درمیانی حد میں خون میں سوڈیم کی مقدار کے تناسب کا خیال رکھا جائے۔ اس سے جسم میں رطوبت کا تناسب معلوم کیا جا سکتا ہے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ دل کے مرض کے لاحق ہونے کا خطرہ کتنا ہےـ وہ افراد جو پانی کا استعمال کم کرتے ہیں ان کے خون میں سوڈیم کا ارتکاز بڑھ جاتا ہےـ