[بنگلہ دیش کی] عبوری حکومت نے 28 ستمبر 2024 کو ایک انٹر ایجنسی ٹاسک فورس کی تشکیل نو کی جس کا مقصد بیرون ملک غیر قانونی طور پر لے جایا گیا پیسہ واپس لانا تھا۔ وزارت خزانہ نے ایک نوٹیفکیشن میں کہا بنگلہ دیش بینک کے گورنر کی سربراہی میں 9 رکنی ٹاسک فورس فوری طور پر فعال ہو گئی ہے — دی ڈیلی سٹار، 29 ستمبر، 2024
امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر کو یقین دلایا کہ امریکی حکومت بنگلہ دیش کو چوری کی رقم واپس دلانے اور بدعنوانی کے خاتمے کے لیے مدد فراہم کرے گی۔ گذشتہ ماہ کے آخر میں عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر کے دفتر کی طرف سے جاری ایک پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجی گئی رقم 100,000 کروڑ بنگالی ٹکا سے زیادہ ہے — دی بزنس پوسٹ، 27 ستمبر، 2024
مجرمانہ سرگرمیوں، بدعنوانی اور ٹیکس چوری سے حاصل ہونے والی عالمی آمدنی کا سرحد پار بہاؤ کا تخمینہ ایک ٹریلین امریکی ڈالر اور 1.6 ٹریلین امریکی ڈالر فی سال کے درمیان ہے۔ ترقی پذیر اور عبوری ممالک کے سرکاری اہلکاروں کی طرف سے وصول کی جانے والی رشوت سے وابستہ بدعنوان رقم کا تخمینہ 20 بلین امریکی ڈالر سے 40 بلین امریکی ڈالر سالانہ ہے — جو کہ سرکاری ترقیاتی امداد (ODA) کے 20 فیصد سے 40 فیصد کے برابر ہے — چوری شدہ اثاثوں کی بازیافت (اسٹار) اقدام: چیلنجز، مواقع، اور ایکشن پلان، جو ورلڈ بینک اور اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات اور جرائم نے مشترکہ طور پر شائع کیا ہے۔
6 اپریل 2024 کو شائع ہونے والے ایک تفصیلی مضمون میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ بیرون ملک چھپائے گئے غیر ٹیکس شدہ اور ناجائز طور پر حاصل کردہ اثاثوں کی واپسی کا معاملہ پاکستان میں اب تقریباً سرد خانہ کی زینت بن چکا ہے۔ مضمون میں اٹھائے گئے مسائل اور اس میں بیان کیے گئے حقائق کا مسند اقتدار پر قابض حکمرانوں پر رتی برابر بھی اثر نہیں ہوا، کیونکہ ان کو قوم پر مسلط کرنے والوں کے اپنے اربوں ڈالر کے اثاثے پاکستان سے باہر ہیں۔
پانامہ کیس سے پہلے ٹاک شوز میں بلند و بانگ دعوے، بلکہ وعدہ تک کیا گیا کہ جب بھی کسی مجاز دائرہ اختیار کی عدالت کی طرف سے بیرون ملک اثاثوں کے ذرائع (sources) کی بابت دریافت کیا گیا تو تمام ثبوت پیش کر دیں گے۔ قومی اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے تو یہاں تک کہا گیا کہ " جناب سپیکر یہ ہیں وہ ذرائع۔۔۔"
حقیقت یہ ہے کہ تمام تر وعدوں کے باوجود، آج تک کسی بھی سیاست دان کی جانب سے بیرون ممالک میں جائیداد کے ضمن میں منی ٹریل فراہم نہیں کی گئی۔ عدالت عظمیٰ نے بھی اس کو نظر انداز کرتے ہوئے فیصلہ اقامہ کی بنیاد پر کیا۔ بدقسمتی سے، نام نہاد متحرک میڈیا اور مضبوط سول سوسائٹی کے ارکان (ان دنوں سوشل پلیٹ فارمز پر فضول بحثوں میں الجھے ہوئے ہیں) بھی اس کا نوٹس لینے میں ناکام رہے۔ ان کی جانب سے مندرجہ ذیل مضامین پر کبھی سنجیدگی سے غور نہیں کیا گیا، اس پرمعنی خیز بحث تو بہت دور کی بات ہے:
The Hunt for Dirty Money in Pakistan, Friday Times, April 6, 2024
Retrieving untaxed/ill-gotten assets I & II, Business Recorder, February 21 & 26, 2020
بیرون ملک غیر قانونی اثاثوں کے معاملے پر قوم کو دھوکہ دینے کی ہولناک کہانی محمد اسحاق ڈار سے شروع ہوئی، جو اس وقت پاکستان کے چوتھے نائب وزیر اعظم اور انتیسویں وزیر خارجہ کے ساتھ ساتھ سینیٹ میں قائد ایوان ہیں۔ 7 مارچ 2017 کو، وفاقی وزیر خزانہ کی حیثیت سے، اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی کو بتایا: "پاکستان 21 مارچ 2017 کو سوئٹزرلینڈ کے ساتھ بینک اکاؤنٹس سے متعلق معلومات کے تبادلے کے معاہدے پر دستخط کرے گا"۔ انہوں نے ساتھی پارلیمنٹیرینز کے سامنے یہ دعویٰ بھی کیا: "گزشتہ برسوں کے دوران متعدد میڈیا رپورٹس منظر عام پر آئی ہیں کہ پاکستانیوں نے ٹیکس چوری سے 180-200 بلین ڈالر کی بھاری رقم سوئس بینکوں میں چھپا رکھی ہے"۔ انہوں نے مزید کہا کہ صورت حال کا تقاضا ہے کہ "پاکستان معلومات کے تبادلے سے متعلق معاہدے کے لیے سوئس حکومت سے رجوع کرے"۔
محمد اسحاق ڈار (چار مرتبہ پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ کے عہدہ پر فائز رہ چکے ہیں) نے7 مارچ، 2017 کو ایوان کو یہ نہیں بتایا کہ اگست 2014 میں کیا ہوا، جب اس وقت کے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے سوئٹزرلینڈ جا رہے تھے۔ ان کا مقصد سوئٹزرلینڈ سے دوہرے ٹیکس سے بچنے کے معاہدے پر نظرثانی تھا، تاکہ پاکستانی شہریوں کی جانب سے سوئس بینکوں میں جمع کرائی گئی غیر ٹیکس شدہ رقوم کی معلومات حاصل کی جا سکیں۔
آخری لمحات میں اس وقت کے چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ کو جانے سے روک دیا گیا اور چیف انٹرنیشنل ٹیکسز ایف بی آر محمد اشفاق احمد، جو بعد میں ایف بی آر کے چیئرمین بھی بنے، کو اکیلا بھیج دیا گیا۔ اسحاق ڈار وغیرہ نے اندازہ لگایا کہ اول تو کوئی نظرثانی معاہدہ نہیں ہوگا اور اگر سوئٹزرلینڈ نے اس پر اتفاق کیا بھی تو وہ اس سے انکار کر دیں گے۔ اخباری اطلاع کے مطابق منصوبہ یہ تھا کہ جونیئر افسر کو قربانی کا بکرا بنا کر یہ الزام لگا دیں گے کہ وہ اس پر دستخط کرنے کے مجاز ہی نہیں تھے۔ منصوبہ سیاست دانوں کی مرضی کے مطابق چلا!
معاہدے پر مذاکرات [24-26 اگست 2014 کے درمیان] ہوئے اور بات چیت کے بعد دستخط کیے گئے۔ سیاسی آقاؤں نے اس کی تکمیل کو جونیئر افسر کا بہانہ بنا کر روکا اور بعد ازاں اپنے پسندیدہ چنے ہوئے بیوروکریٹس کے ذریعے چیف انٹرنیشنل ٹیکسز سے وضاحتیں طلب کی گئیں، جن کا انکشاف اور احوال ایکسپریس ٹریبیون کی فروری 22، 2017کی سٹوری، سوئس بینکوں میں پاکستانی کیش کو نکالا گیا میں کیا گیا ہے۔ دوبارہ گفت و شنید کے بعد معاہدے کا احترام نہ کرنے کی سرکاری وجوہات ایکسپریس ٹریبیون کے مطابق جھوٹی تھیں۔
نظر ثانی معاہدہ کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ اس میں منافع کی شرح میں 5 فیصد تک کمی ناقابل قبول تھی۔ حقیت یہ تھی کہ پاکستان اس وقت اور اب بھی ایک درجن سے زائد ممالک کے ساتھ ڈیویڈنڈ پر 5 فیصد کی شرح ٹیکس رکھتا ہے۔ یہ حقیت قابل غور ہے کہ جن سیاسی آقاؤں نے سوئس معاہدے کو اس بنیاد پر رد کیا انہوں نے اس کم شرح پر اسپین اور جمہوریہ چیک کے ساتھ دو سال بعد 2016 میں دستخط کیے!
سب سے زیادہ پسندیدہ قوم کا درجہ بھی محض ایک بہانہ تھا، کیونکہ پاکستان کو رائلٹی، سود اور جہاز رانی کی آمدن پر بہت بہتر ڈیل ملی تھی۔ سوئس حکومت اس بات کی یقین دہانی چاہتی تھی کہ اگر پاکستان نے کسی دوسرے ملک کو بہتر شرائط دی تو وہ بھی یہی مطالبہ کریں گے۔ یہ ایک تکنیکی چیز تھی جو مستقبل بعید میں بہت سے "ifs" اور "buts" پر منحصر تھی اور اس کی پاکستان کے لیے فوری طور پر کوئی قیمت نہیں تھی، جیسا کہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں غلط دعویٰ کیا تھا۔
اگرچہ ہمارے قابل وزیر خزانہ اور پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے اقتصادی جادوگر کو اس حقیقت کا بخوبی علم تھا کہ پاکستانیوں کی زیادہ تر آف شور کمپنیاں برٹش ورجن آئی لینڈ (British Virgin Islands) میں رجسٹرڈ ہیں، اس کے باوجود انہوں نے کوئی کوشش نہیں کی کہ برٹش ورجن آئی لینڈ کے ساتھ ٹیکس انفارمیشن ایکسچینج ایگریمنٹ (TIEA) پر دستخط کریں، جس پر ہندوستان نے 2011 میں دستخط کیے تھے۔ آج تک، ان کے جانشینوں میں سے کسی نے بھی اس پر توجہ نہیں دی!
یہ ریکارڈ کی بات ہے کہ پاکستان میں یکے بعد دیگرے آنے والی حکومتوں کے دور میں آج تک سوئس قانون (Foreign Illicit Assets Act (FIAA) of 18 December 2015) کے ذریعے لوٹی گئی دولت کی واپسی کے لیے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی اور نا ہی آف شور اکاؤنٹس رکھنے والے پاکستانیوں کی آمدنی پر ٹیکس وصول کرنے کے لئے اقدامات کیے گئے ہیں۔ اس کے برعکس پاکستان مسلم لیگ (نواز) اور پاکستان تحریک انصاف کی حکومتوں نے 2018 اور 2019 میں بالترتیب کالے دھن کو سفید کرنے کے لیے ٹیکس ایمنسٹی سکیمیں جاری کیں جو غیر آئینی تھیں۔
قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن نے بھی 18 دسمبر 2015 کے غیر ملکی غیر قانونی اثاثہ جات ایکٹ (FIAA) کے معاملے میں اپنی دلچسپی اور تشویش ظاہر کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں کبھی کوئی بل پیش نہیں کیا، جس سے یہ ثابت ہوا کہ عوام دشمن اتحاد میں سب شامل ہیں۔ اس معاملے پر لوٹ مار کیلئے تمام قوتوں کے درمیان مکمل اتفاق را ئے ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ 2014 کے سوئس معاہدے کے مذاکرات سے متعلق تمام دستاویزات کو عام کیا جائے تاکہ عوام کو معلوم ہو سکے کہ ہمارے سیاست دان کس طرح کے گھناؤنے کھیل کھیلتے رہے ہیں۔
21 مارچ 2017 کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی ایک پریس ریلیز کے مطابق، پاکستان اور سوئٹزرلینڈ نے آمدنی پر ٹیکس کے حوالے سے دوہرے ٹیکس سے بچنے کے نظرثانی شدہ معاہدے پر دستخط کیے۔ پریس ریلیز میں نوٹ کیا گیا: "دوبارہ گفت و شنید کے معاہدے کی ایک خاص بات یہ ہے کہ 'معلومات کے تبادلے' کے آرٹیکل کو بین الاقوامی طور پر قبول شدہ معیار کی عکاسی کرنے والے نئے آرٹیکل کے ساتھ تبدیل کیا جائے جو OECD ماڈل پر مبنی ہے۔ معلومات کے تبادلے سے متعلق نیا آرٹیکل گھریلو ٹیکس قوانین کے نفاذ کے لیے درخواست کی بنیاد پر حاصل کی جانے والی معلومات کے موجودہ دائرہ کار کو کافی حد تک وسیع کرے گا۔ یہ ٹیکس کے مقاصد کے لیے بینک کی معلومات تک رسائی بھی فراہم کرے گا اور ایسی معلومات سے صرف اس لیے انکار نہیں کیا جائے گا کہ یہ معلومات بینک یا دوسرے مالیاتی ادارے کے پاس ہیں۔ اس مقصد کے لیے، درخواست کرنے والی ریاست درخواست کی گئی ریاست کو معلومات فراہم کرے گی جیسے کہ زیر تفتیش شخص کی شناخت اور اس وقت کی مدت جس کے لیے معلومات کی درخواست کی گئی ہے۔"
یکم اکتوبر 2010 کو، سوئس پارلیمنٹ نے ایک قانون [The Restitution of Illicit Assets Act, 2010] منظور کیا۔ غیر قانونی اثاثوں کی بحالی کا ایکٹ، 2010 (RIAA)، سوئس فیڈرل ٹیکس ایڈمنسٹریشن (FTA) کو OECD ماڈل ٹیکس کنونشن کے نظرثانی شدہ آرٹیکل 26 کی بنیاد پر دوہرے ٹیکس سے بچنے کے معاہدات (DTAs) پر دستخط کرنے اور تعاون کرنے کا اختیار دیتا ہے اور ہر قسم کی بینک معلومات کے تبادلے کے لیے بین الاقوامی درخواستوں پر عمل درآمد کرنے کا بھی۔ اس پیش رفت کے تناظر میں2010 کے بعد، بہت سے ممالک نے OECD کے آرٹیکل 26 کو شامل کرنے کے لیے اپنے DTAs کو اپ گریڈ کرنے کے لیے سوئٹزرلینڈ سے رابطہ کیا۔
ریاست ہائے متحدہ امریکہ، جرمنی، فرانس، برطانیہ، نیدرلینڈز، قطر، اور ہندوستان نے OECD کے نظرثانی شدہ آرٹیکل 26 کو شامل کرنے کے بعد قابل ذکر ٹیکس ریونیو حاصل کرنا شروع کر دیا اور سوئٹزرلینڈ سے غیر ٹیکس شدہ اور ناجائز طور پر حاصل کردہ سرمایہ بھی واپس لینا شروع کر دیا۔ ہمارے برسراقتدار لوگوں نے یہ کہہ کر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش کی کہ وہ ٹیکس کے معاملات میں باہمی انتظامی معاونت کے لیے آرگنائزیشن فار اکنامک کوآپریشن اینڈ ڈویلپمنٹ (OECD) کے کثیر الجہتی کنونشن کے لیے جا رہے ہیں۔ وہ دراصل صرف اس بات کو یقینی بنانے کے لیے مزید وقت حاصل کر رہے تھے کہ پاکستانی اپنا سرمایہ کسی اور ٹیکس کی پناہ گاہ میں منتقل کر لیں اور ان کی حکومت تک کوئی معلومات نہ آئیں!
2010 سے مختلف مضامین میں بار بار حکومت سے سوئٹزرلینڈ سے رجوع کرنے کا مطالبہ کیا، لیکن سیاست دانوں کی طرف سے معاملے میں مسلسل تاخیر ہوتی رہی۔ ان مضامین کو پڑھنے کے بعد، بظاہر، ایف بی آر نے 2013 میں سوئٹزرلینڈ کے ساتھ دوبارہ گفت و شنید کے لیے سمری بھیجی، لیکن پی پی پی حکومت نے کوئی جواب نہیں دیا، بلکہ وقتاً فوقتاً داخل کی جانے والی کم از کم تین سمریوں کو سرد خانے کی نذر کر دیا گیا تھا۔ اس بے حسی کی وجوہات پر Probing Swiss accounts، بزنس ریکارڈر، 15 اگست 2014 اور 9 ستمبر 2013 کو شائع ہونے والے The Swiss Accounts مضامین میں تفصیل سے بحث کی گئی ہے۔
آصف علی زرداری، جو دوسری مرتبہ پاکستان کے منتخب صدر ہیں، اپنے 60 ملین امریکی ڈالر کی منتقلی سوئٹزرلینڈ سے کر چکے تھے، اگرچہ اس رقم کی واپسی کے لئے عدالت عظمیٰ کا حکم نامہ تا حال مؤثر ہے۔ صدر محترم نے قوم کو یہ بتانے کی زحمت نہیں کی کہ مذکورہ رقم کہاں سے آئی اور اس پر پاکستان یا کسی اور جگہ کتنا ٹیکس ادا کیا اور یہ اب کس ملک میں رکھی گئی ہے۔
اندرونی اور بین الاقوامی ڈونرز کے دباؤ کے بعد پاکستان مسلم لیگ (نواز) کی حکومت نے 20 ستمبر 2013 کو سوئس حکومت کے ساتھ دوبارہ مذاکرات کی منظوری دے دی، لیکن اس کے بعد جیسا کہ اوپر بیان کیا گیا ہے، شاطرانہ چالیں چلی گئیں۔ 2014 کے دوبارہ گفت و شنید کے معاہدے کا احترام نہ کرتے ہوئے، اس نے بہت سے لوگوں کو سوئس بینکوں سے مشکوک رقوم منتقل کرنے کے لیے کافی وقت دیا۔ یہ خدشہ کہ 21 مارچ 2017 کو دستخط کیے گئے نئے معاہدے کے نافذ العمل ہونے کے بعد مطلوبہ نتائج برآمد نہیں ہوں گے اس طرح درست ثابت ہوا۔ اس نے تصدیق کی کہ تاخیر جان بوجھ کر اور منصوبہ بندی کے ساتھ کی گئی تھی- حالانکہ چالاک سیاست دان لوگوں کو دھوکہ دینے کے لیے "قومی مفاد" میں اقدامات کرنے کا کریڈٹ لے رہے تھے!
9 مارچ 2014 کو وزارت خزانہ نے ایک تحریری جواب میں قومی اسمبلی کو بتایا کہ حکومت "مختلف پاکستانی شہریوں کی طرف سے چھپائی گئی رقم حاصل کرنے کے لیے سوئس حکام کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے"۔ پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عارف علوی کی طرف سے اٹھائے گئے ایک سوال کے تفصیلی جواب میں، وزارت نے سوئس بینکر اور سوئس حکومت کے ایک سابق وزیر کے بیانات کا حوالہ دیا: "کریڈٹ سوئس اے جی کے ڈائریکٹرز میں سے ایک نے ریکارڈ پر بتایا کہ پاکستانیوں کا سرمایہ صرف اس کے بینک میں 97 بلین ڈالر تھا"۔ اسی طرح، سابق سوئس وزیر خارجہ مشیلین کالمی ری (Micheline Calmy-Rey) نے ایک بیان میں بتایا کہ "سوئٹزرلینڈ میں چھپائی گئی پاکستانی دولت/اثاثے 200 بلین ڈالر تک ہو سکتے ہیں"۔ اس بیان کی تردید تو نہیں کی گئی مگر یہ حجم بعد میں جب معلومات کا تبادلہ سرکاری سطح پر ہوا، بہت کم ثابت ہوا، جس کی ایک وجہ رقوم کا وہاں سے بڑے پیمانے میں منتقل ہونا بھی ہو سکتا ہے۔
اس وقت وزارت خزانہ نے دعویٰ کیا تھا کہ اعداد و شمار درست ہونے پر یقین کرنے کی وجوہات ہیں۔ بعد میں، وزیر خزانہ، اسحاق ڈار نے کہا کہ "حکومت RIAA کے دائرہ کار میں کام کر رہی ہے، جو سوئس حکومت کو ایسی معلومات کا تبادلہ کرنے کی اجازت دیتا ہے جو پہلے غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی اور سوئس بینکوں میں جمع کی گئی رقم کے حوالے سے خفیہ سمجھی جاتی تھی"۔ انہوں نے ایوان کو ان اقدامات سے بھی آگاہ کیا جو حکومت رقم کی واپسی کے لیے اٹھا رہی تھی۔ یہ سب بعد میں ایک فریب ثابت ہوا!
ٹیکس چوری، منی لانڈرنگ اور سرمائے کے بے دریغ اخراج پر عالمی دباؤ کے درمیان، سوئٹزرلینڈ کے 11 سب سے بڑے بینکوں میں، بہت سی رپورٹس کے مطابق دنیا کے 32 ٹریلین ڈالر کے کل آف شور لیکویڈیٹی اسٹاک میں سے، تقریباً 7 ٹریلین ڈالر رکھے ہوئے تھے اور 2014 سے پہلے اس میں پاکستانیوں کا کافی بڑا حصہ تھا۔
سوئٹزرلینڈ روایتی طور پر سب سے پرانی، سب سے مضبوط اور سب سے مقبول ترین خفیہ بینکنگ کی محفوظ ترین پناہ گاہ رہی ہے، جس میں دنیا بھر سے ٹیکس چوری کی رقم کا بڑا حصہ نمبر والے کھاتوں کے ساتھ بینکوں میں بھیجا جاتا رہا ہے۔ 2009 سے امریکہ اور یورپی یونین مسلسل سوئٹزرلینڈ اور دیگر ٹیکس پناہ گاہوں پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ بین الاقوامی ٹیکس انتظامیہ کو اپنے خفیہ بینکوں میں رکھے گئے غیر قانونی فنڈز کو ٹریک کرنے کی اجازت دیں۔
ٹیکس پناہ گاہوں میں اکاؤنٹس رکھ کر ٹیکس سے بچنے کا معاملہ دنیا میں خاص طور پر بہاماس لیکس اور پانامہ لیکس کے بعد ایک بہت سنگین سیاسی مسئلہ بن گیا۔ پاکستانی معاملے میں، ہمارے بدعنوان اشرافیہ کے پاس دبئی اور دیگر جگہوں پر بہت زیادہ فنڈز کی جگہیں تھیں، جیسا کہ دبئی انلاکڈ اور سوئس سیکرٹس نے ثابت کیا ہے۔
بدقسمتی سے پاکستان میں آنے والی یکے بعد دیگرے حکومتوں نے ٹیکس چوروں، منشیات فروشوں اور قومی دولت لوٹنے والوں کے خلاف نرم پالیسی اپنائی، یہاں تک کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس کے غیر معمولی دائرہ اختیار سے لوٹی ہوئی دولت اور غیر ٹیکس شدہ رقم کی واپسی کے لیے کی جانے والی نجی کوششیں بھی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوئیں۔
سپریم کورٹ نے 2012 اور 2013 میں کچھ افراد کی طرف سے دائر درخواستوں کو "ناقابلِ سماعت" قرار دیا اور لاہور ہائی کورٹ میں بہت سی درخواستوں کا بھی یہی حشر ہوا۔ اس کے برعکس، بھارتی سپریم کورٹ نے رام جیٹھ ملانی اور دیگر بمقابلہ یونین آف انڈیا [(2011) 8 SCC 1=2011 PTR 1933 (S.C. Ind)] کے معاملے میں 4 جولائی 2011 کے اپنے تاریخی فیصلے میں ایک 'خصوصی تحقیقاتی ٹیم' (SIT) جو بیرون ملک ہندوستانیوں کے کالے دھن کے بارے میں حکومت کی زیرقیادت تحقیقات کی نگرانی کرے گی کی تشکیل دینے کا حکم دیا۔ کانگریس حکومت نے اسے لاگو نہیں کیا اور نظرثانی میں چلی گئی۔ تاہم نریندر مودی کی حکومت نے 26 مئی 2014 کو اقتدار میں آنے کے بعد فوری طور پر 'خصوصی تحقیقاتی ٹیم' تشکیل دی اور سوئٹزرلینڈ کے ساتھ بات چیت شروع کی۔ جہاں ہم بری طرح ناکام ہوئے وہاں بھارت کامیاب ہوا، اور اب بنگلہ دیش کی عبوری حکومت ہمیں روشنی دکھا رہی ہے کہ امریکہ سے کیا مطالبہ کیا جائے!