مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ڈسکہ الیکشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جسے کہتے تھے سیاست ختم ہوگئی اس نے لندن میں بیٹھ کر ہرادیا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ریاستی مشینری کے ساتھ مقابلہ کیا ہے اور ڈسکہ کی فتح بہت بڑی تبدیلی کا پیش خیمہ ہے، فروری میں یہ دھاندلی کرکے بھی نہیں جیت سکے، مسلم لیگ (ن) کو دبانے اور ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ جسے کہتے تھے سیاست ختم ہوگئی اس نے لندن میں بیٹھ کر ہرادیا، یہ سپریم کورٹ گئے کہ ہمیں عوام کی شکست سے بچاؤ اور یہ میدان میں آئے تو عوام کے ووٹوں نے الٹے پاؤں بھاگنے پر مجبور کردیا اب جس دن ان کی حکومت نہیں رہی یہ کمپین کرنے کے بھی قابل نہیں رہیں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کو توڑنے کے لیے 5 سال لگا کر سرتوڑ کوشش کی گئی لیکن (ن) لیگ عوامی قوت کے ساتھ ان کے سامنے کھڑی ہے جب کہ حکومتی اراکین ٹی وی پر حکومت کے خلاف بات کررہے ہیں اور دوسرے ٹھکانے ڈھونڈ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جہانگیرترین کے آپس کے معاملات پر کچھ نہیں کہنا چاہتی لیکن جہانگیر ترین سے سبق سیکھیں، یہ جہانگیرترین کانمک کھارہے تھے اور جہاز استعمال کررہے تھےاس وقت تک وہ شوگر مافیا نہیں تھے؟