Get Alerts

نئے موبائل آپریٹر ’اونک‘ کو لائسنس نہیں دیا: پی ٹی اے 

پی ٹی اے کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی ایم ایل کے ساتھ اونک شروع کرنے کے حوالے سے رابطے میں ہیں۔ ریگولیٹری تعمیل اور صارفین کے تحفظ کے عزم کے مطابق پی ٹی اے نے پی ٹی ایم ایل کو تمام ضروری ریگولیٹری تقاضے پورے کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

نئے موبائل آپریٹر ’اونک‘ کو لائسنس نہیں دیا: پی ٹی اے 

پاکستان میں ایک نئےموبائل آپریٹر اور اس کی سروس ’ اونک‘ (ONIC)  کو لائسنس کے اجرا کے حوالے سے ان دنوں سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے) نے اس سے متعلق وضاحت جاری کردی۔

ملک میں اونک نامی موبائل سیلولر کی خدمات شروع کرنے والے ایک نئے آپریٹر کے بارے میں عوام اور سوشل میڈیا صارفین میں حالیہ غلط فہمیوں کے حوالے سے پی ٹی اے نے واضح کیا کہ کسی بھی نئے آپریٹر کو پاکستان میں موبائل خدمات پیش کرنے کے لئے لائسنس نہیں دیا گیا ہے۔

ایک بیان میں اتھارٹی نے کہا کہ پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ ( پی ٹی ایم ایل) جو پہلے ہی یوفون کمپنی کی مالک ہے۔ وہ برانڈ مارکیٹ کے ڈیجیٹل حصے کو پورا کرنے کے لیے ایک اور نئی ڈیجیٹل پروڈکٹ اونک لانچ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

پی ٹی اے نے کہا کہ پی ٹی ایم ایل نئی ڈیجیٹل پروڈکٹ کے ذریعے اعلیٰ درجے کے صارفین کے لیے روایتی خدمات کی فراہمی کے بجائے آسان مصروفیت کو ترجیح دیتے ہیں۔

پی ٹی اے کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی ایم ایل کے ساتھ اونک شروع کرنے کے حوالے سے رابطے میں ہیں۔ ریگولیٹری تعمیل اور صارفین کے تحفظ کے عزم کے مطابق پی ٹی اے نے پی ٹی ایم ایل کو تمام ضروری ریگولیٹری تقاضے پورے کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ اونک کی جانب سے سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر مہم شروع کی گئی ہے جس میں سوشل میڈیا انفلونسرز اس کمپنی کو ایک نئے موبائل فون ’آپریٹر‘ کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔

ایک یوٹیوبر نے دعویٰ کیا کہ زونگ کے بعد پہلی مرتبہ کوئی موبائل فون آپریٹر پاکستان کی مارکیٹ میں داخل ہوا ہے۔