گھریلو تشدد پر کتاب لکھنے والی مصنفہ، ’بوائے فرینڈ‘ کے ہاتھوں قتل

گھریلو تشدد پر کتاب لکھنے والی مصنفہ، ’بوائے فرینڈ‘ کے ہاتھوں قتل

گھریلو تشدد کے بارے میں کتاب لکھنے والی عالیہ ٹیری کو مبینہ طور پر ان کے بوائے فرینڈ نے چاقو کے وار سے قتل کر دیا ہے۔ مقامی پولیس نے قتل کے شبہہ میں مقتولہ کے ساتھی عیسیٰ ہینڈرسن سوئم کو گرفتار کر لیا ہے۔


 پولیس کے مطابق یہ واقعہ ریاست شمالی کیرولائنا کے شہر شارلٹ میں پیش آیا جہاں عالیہ کی لاش دو جولائی کو ان کے مکان سے برآمد کی گئی جن کو تیز دھار آلے سے نشانہ بنایا گیا تھا۔


انڈیپینڈنٹ پر شائع ہونے والی خبر کے مطابق سراغ رساں اہلکاروں کا ماننا ہے کہ عالیہ کو جو دو بچوں کی ماں تھیں ان کے اپنے ہی ساتھی نے قتل کیا ہے اور اس کی وجہ گھریلو تشدد ہو سکتی ہے۔


ڈبلیو بی ٹی وی کے مطابق پولیس ریکارڈ سے پتہ چلا ہے کہ گذشتہ ایک برس کے دوران عالیہ کے گھر سے 911  پر19 بار مدد کے لیے کالز کی گئی تھیں۔  ان کالز میں تین گھریلو تشدد کے خلاف اور ایک بار مہلک ہتھیار سے حملے کی شکایت کے حوالے سے تھی۔ تاہم عدالت کی جانب سے گھریلو تشدد کا جرم ثابت نہ ہونے کی وجہ سے کبھی پروٹیکٹیو آڈر جاری نہیں ہو سکا۔


عالیہ ٹیری گھریلو تشدد کے خلاف لکھی گئی کتاب ’دی کوئین ایکسپیریئنس‘ کی شریک مصنفہ ہیں۔ ایمیزون پر دستیاب اس کتاب میں انھوں نے گھریلو تشدد کے حوالے سے اپنے تجربات بیان کیے تھے۔


کتاب کی ناشر نیکٹا ڈیوس کے مطابق عالیہ کو امید تھی کہ ان کی کہانی بدسلوکی کی شکار خواتین کی حوصلہ افزائی کرے گی۔