Get Alerts

عمران خان کی نااہلی سے پہلے الیکشن نہیں ہوں گے: حامد میر

عمران خان کی نااہلی سے پہلے الیکشن نہیں ہوں گے: حامد میر
معروف صحافی اور کالم نگار حامد میر نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی)  کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی کے بعد الیکشن ہوں گے۔

صحافی حامد میر نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات تب ہوں گے جب عمران خان نااہل ہوچکے ہوں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی پر مقدمات تو بہت سے ہوئے۔ لیکن مقدمات کی کارروائی شروع نہیں ہوسکی۔

حامد میر نے کہا کہ تاحال عمران خان کے خلاف عسکری عدالتوں میں ٹرائل شروع نہ ہونے کا سبب بھی 9 مئی واقعات کی ہر پہلو سے مکمل تحقیقات کرنا ہے تاکہ ان پر پکا ہاتھ ڈال دیا جائے۔ اس سلسلے میں جیوفینسنگ اور دیگر طریقے سے شواہد کی تصدیق کی جارہی ہے۔ ان کے خلاف بڑا اور مضبوط مقدمہ بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہا یہ جارہا ہے کہ تمام تحقیقات کے سر ے جا کر عمران خان سے مل رہے ہیں۔ عمران خان کے خلاف مقدمات صرف ملٹری کورٹ میں ہی نہیں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں بھی چلیں گے کیونکہ چند کیسز سول علاقوں میں ہوئے ہیں۔ مثال کے طور پر عمران خان اور دیگر ملزمان کے خلاف ریڈیو پاکستان پشاور کی عمارت پر حملے کا مقدمہ اینٹی ٹیررازم کورٹ میں چلے گا۔

حامد میر نے کہا کہ کچھ لوگوں نے کہا ہے کہ گرفتار ہونے والے ملزمان نے ایسے انکشافات کیے جن سے چودہ طبق روشن ہوجائیں گے۔ لیکن قابل ذکر بات یہ ہے کہ یہ بیانات تحقیقاتی ایجنسیوں کی حراست میں دیے جارہے ہیں اور بہت سے ملزمان عدالت میں جاکر اس قسم کے بیانات سے مُکر جاتے ہیں۔ سننے میں آیا ہے کہ پانچ چھ لوگ ایسے ہیں جو 9 مئی واقعات میں براہِ راست ملوث تھے اور پریس کانفرنس کرکے وعدہ معاف گواہ بنیں گے۔ جبکہ چند ایسے لوگ بھی پریس کانفرنس کریں گے جو اپنے سابق لیڈر پر متعدد الزامات عائد کریں گے اور ان کے ثبوت بھی پیش کریں گے۔

واضح رہے 9 مئی کو پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی نیب کے ہاتھوں مبینہ کرپشن کیسز میں گرفتاری کے بعد ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے ہوئے تھے۔ جن کے دوران آرمی تنصیبات پر حملوں کے ساتھ ساتھ دیگر قومی ونجی املاک کو بھی جلایا گیا تھا۔