جناح ہاؤس حملہ کیس میں پی ٹی آئی کے 22 رہنما اشتہاری قرار

جناح ہاؤس حملہ کیس میں پی ٹی آئی کے 22 رہنما اشتہاری قرار
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ عدالت کی جانب سے میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے 22 رہنماوَں کو اشتہاری قرار دے دیا گیا۔

‏ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں 9 مئی کو  جناح ہاؤس میں ہونے والے جلاؤ گھیراؤ کے کیس کی سماعت ہوئی۔ تحریک انصاف کے 22 روپوش رہنماؤں کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی۔

عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں میاں اسلم اقبال، حماد اظہر، حسان نیازی، علی امین گنڈاپور، مراد سعید اور فرح حبیب سمیت 22 ملزموں کو اشتہاری قرار دیدیا۔

‏پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف تھانہ سرور روڈ پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے مگر ملزمان گرفتاری سے بچنے کےلیے روپوش ہوئے ہیں۔ عدالت ملزمان کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کرے۔

تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ حماد اظہر، عندلیب عباس، مراد سعید فرخ حبیب سمیت 22رہنماوں کو اشتہاری قرار دیا جائے۔

‏انسداددہشت گردی عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا کو منظور کرتے ہوئے جناح ہاؤس جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں نامزد تحریک انصاف کے 22 رہنماؤں کو اشتہاری قرار دیدیا۔ امتیاز احمد شیخ، حافظ فرحت عباس، واثق قیوم عباسی، اعظم خان سواتی، اسد زمان چیمہ، چیئرمین پی ٹی آئی کے بھانجے حسان نیازی بھی اشتہاریوں کی فہرست میں شامل ہیں۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔