بانی ایم کیو ایم الطاف حسین ضمانت پر رہا

بانی ایم کیو ایم الطاف حسین ضمانت پر رہا
اسکاٹ لینڈ یارڈ نے گزشتہ روز بانی ایم کیو ایم کے گھر پر چھاپہ مار کر تشدد پر اکسانے والی تقاریر کے الزام میں الطاف حسین کو گرفتار  کیا تھا جنہیں بعدازاں مقامی پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا گیا تھا۔

رطانوی پولیس کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی کیخلاف چارج کرنے کیلئے ثبوت ناکافی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ منگل کی صبح سکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے گرفتاری کرائم ایکٹ کے سیکشن 44 کے تحت کی گئی اور اس گرفتاری کے دوران لندن سیکرٹریٹ سے سکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم نے حالیہ سوشل میڈیا پر چلنے والی تقاریر کا ریکارڈ بھی حاصل کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے متحدہ قومی موومنٹ کے بانی کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان لانے کی درخواست بھی واپس لے لی گئی ہے اور برطانوی حکومت کو وہاں کے قانون کے مطابق ملزم کیخلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

برطانوی پولیس کے مطابق بانی ایم کیو ایم کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے، یہ رہائی ناکافی ثبوتوں کی وجہ سے عمل میں لائی گئی تاہم ان کیخلاف تحقیقات جاری رہیں گی۔