کیا لمز میں کرونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ ہوا ہے؟ وائس چانسلر کا بیان سامنے آ گیا

کیا لمز میں کرونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ ہوا ہے؟ وائس چانسلر کا بیان سامنے آ گیا
لاہور یونیورسٹی آف منیجمنٹ سائنسز ( لمز) نے ان افواہوں کو مسترد کر دیا ہے کہ جامعہ میں کرونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ ہوا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لمز کے وائس چانسلر ارشد احمد نے اس بات کی تصدیق کی کہ کرونا وائرس کے کیس سے متعلق خبریں درست نہیں۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر اس طرح کی خبریں زیر گردش تھی کہ لمز میں کرونا وائرس کا کوئی کیس سامنے آیا ہے تاہم اس حوالے سے کسی بھی طرح کی تصدیق سامنے نہیں آئی تھی۔

واضح رہے کہ ملک میں کرونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر پنجاب میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ اس بارے میں صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے اعلان کیا تھا کہ کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر صوبے میں میڈیکل ایمرجنسی نافذ کی گئی۔

انہوں نے کہا تھا کہ صوبے کے 5 ہوائی اڈوں پر نگرانی بڑھا دی گئی ہے، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ممکنہ پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے رجب طیب اردوان ہسپتال مظفر گڑھ اور لاہور میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ہسپتال سمیت 3 ہسپتال مختص کر دیے ہیں۔ تاہم انہوں نے شہریوں پر زور دیا تھا کہ وہ معاملے کو سنجیدگی سے لیں اور باقاعدگی سے ہاتھ دھونے اور چہرے کو چھونے جیسے حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔