لاہور: معروف بلاگر افشاں مصعب ٹریفک حادثے میں شدید زخمی

لاہور: معروف بلاگر افشاں مصعب ٹریفک حادثے میں شدید زخمی
معروف بلاگر افشاں مصعب ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہوگئیں۔ حادثے میں افشاں مصعب کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ انکے بازو ٹانگ اور پسلی کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔ حادثے میں افشاں مصعب کا چہرہ بھی شدید متاثر ہوا ہے جبکہ داہنی آنکھ بھی متاثر ہوئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق افشاں مصعب بحریہ ٹاون لاہور سے کینال روڈ کی جانب آرہی تھیں کہ ایک گاڑی نے انکا راستہ کاٹنے کی کوشش کی۔ اس دوران سڑک پر موجود کیچڑ اس گاڑی کے ٹائروں سے بلاگر کی ونڈ سکرین پر اچھلا اور ساتھ ہی دھماکےکی آواز کے ساتھ  گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا جس ے انکی گاڑی بے قابو ہو کر قریبی درخت میں جا لگی۔ حادثے کے بعد افشاں مصعب بے ہوش ہوگئیں جبکہ ہسپتال میں ہوش آنے کے بعد وہ  کافی دیر یادداشت سے بھی محروم رہیں۔ زخمی بلاگر اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

یاد رہے کہ مشہور صحافی نصرت جاوید کے ساتھ بھی ایک سال قبل ایسا ہی حادثہ پیش آیا تھا جس کی واقعاتی تفصیل اور افشاں مصعب کے ساتھ ہونے والے حادثے میں حیران کن مماثلت ہے۔ سینئر صحافی نے اس حادثے کو وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے حملہ قرار دیا تھا تاہم بعد میں اسے اپنے اندازے کی غلطی قرار دیتے ہوئے الزام واپس لے لیا تھا۔

افشاں مصعب گذشتہ کئی برس سے سوشل میڈیا پر ایکٹو ہیں اور نیا دور کے لئے ویڈیو بلاگز اور تجزیات لکھتی رہی ہیں۔ نیا دور کے لئے ان کی تحاریر پڑھنے کے لئے یہاں کلک کریں۔