Get Alerts

پارٹی کیساتھ اگر کسی ممبر نے غداری کی تو سخت کارروائی ہوگی، وزیراعظم کا اعلان

پارٹی کیساتھ اگر کسی ممبر نے غداری کی تو سخت کارروائی ہوگی، وزیراعظم کا اعلان
وزیراعطم عمران خان نے کہا کی پارٹی سے غداری کرنیوالوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔ اپوزیشن کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ تحریک عدم اعتماد بری طرح سے ناکام ہوگی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یہ بات اپنے زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کہی جس میں پارٹی رہنما اور وفاقی وزرا شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران تحریک عدم اعتماد، اسلام آباد جلسہ اور دیگر معاملات پر گفتگو ہوئی۔

بنی گالہ میں ہونے والے اس اجلاس میں شاہ محمود قریشی نے اراکین اسمبلی سے رابطوں سے متعلق وزیراعظم عمران خان کو آگاہ کیا جبکہ اراکین اسمبلی نے حلقوں کے مسائل اور صوبائی منصوبوں پر بھی بات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کی پریشانیوں سے مکمل آگاہ ہے۔ عوام کو مہنگائی کے اثرات سے بچانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کیلئے کارکنوں کو متحرک کیا جائے۔

عمران خان نے تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد ناکام بنائیں گے، اپوزیشن کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔

وزیراعظم نے ڈی چوک جلسےکی میزبانی کی ذمہ داریاں اسلام آبادکی تنظیم کو سونپ دیں، انہوں نے کہا کہ جلسہ تحریک عدم اعتماد کے دن سے ایک روز پہلے ہوگا، پارٹی سے غداری کرنیوالوں کیخلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہمارے ارکان اسمبلی کسی صورت اپنے ليڈر کو نہيں چھوڑيں گے اور ہم اپنے ليڈر کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے اتحادی اور اراکین قومی اسمبلی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔