حکومت نے میجر جنرل عامر اسلم کو نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کا ڈپٹی چیئرمین مقرر کر دیا

حکومت نے میجر جنرل عامر اسلم کو نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کا ڈپٹی چیئرمین مقرر کر دیا
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے میجر جنرل عامر اسلم خان کو نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کا ڈپٹی چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق میجر جنرل عامر اسلم خان کی بطور ڈپٹی چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم تقرری کا نوٹیفکیشن اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے جاری کیا گیا۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اس حوالے سے دو نوٹیفکیشن جاری کیے، ایک نوٹیفکیشن میں میجر جنرل عامر اسلم خان کی بطور ڈپٹی چیئرمین تقرری کی گئی جبکہ دوسرے نوٹیفکیشن کے مطابق بریگیڈیئر ناصر منظور ملک کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایڈمن نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی تعینات کیا گیا ہے۔



 



واضح رہے کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور وزیراعظم عمران خان نے اقتدار میں آنے سے پہلے کم آمدن والے طبقے کے لیے سستے مکانات کا وعدہ کیا تھا اور اب اس منصوبے کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے جس کے تحت 50 لاکھ مکانات تعمیر کیے جا رہے ہیں۔ حکومت کی جانب سے اس منصوبے کے لیے ' نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی' قائم کی گئی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی طرف سے 11 اکتوبر 2018 کو اس ہاؤسنگ پروجیکٹ کا افتتاح کیا گیا تھا۔

ناقدین پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے نئے گھروں کی تعمیر کے منصوبے کو شک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کا موقف ہے کہ جو جماعت پشاور میں میٹرو منصوبے کو بروقت مکمل نہ کر سکے تو وہاں پر نئے گھروں کی تعمیر کے منصونے کی بروقت تکمیل جوئے شیر لانے کے مترادف ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں اور اس کے حمایتوں کو بھی اس بات کا اندازہ ہے کہ پانچ سال کے عرصے میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر ایک مشکل کام ہے اس لیے اب اُنھوں نے یہ بھی کہنا شروع کر دیا ہے کہ اگر مقررہ مدت تک 50 لاکھ گھر نہ بنے تو کم از کم ایک لاکھ گھروں کی تعمیر کا ٹارگٹ تو ضرور حاصل کر لیں گے۔