مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے فوجی افسر جولین معظم جیمز کو میجر جنرل کے رینک پر ترقی دے دی گئی ہے۔ پاکستان کی 76 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی مسیحی کمانڈو فوجی افسر کو میجر جنرل کے رینک پر ترقی دی گئی ہے۔ ان سے پہلے دو دیگر مسیحی فوجی افسران بھی ٹو سٹار جنرل بن چکے ہیں جن میں میجر جنرل جولین پیٹر پہلے اور میجر جنرل نوئیل اسرائیل کھوکھر دوسرے مسیحی فوجی افسر تھے۔ برگیڈیئر جولین معظم جیمز پہلے ایس ایس جی کمانڈو مسیحی افسر ہیں جنہیں ٹو سٹار جنرل بنایا گیا ہے۔
مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی معروف مذہبی شخصیت بشپ آزاد مارشل نے ایکس پر خبر دیتے ہوئے لکھا کہ یہ دن پاکستان میں بسنے والے مسیحیوں کے لیے بے پناہ فخر کا دن ہے کیونکہ آج ہم مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے ایک شاندار فوجی افسر کے میجر جنرل بننے پر خوشی منا رہے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ یہ پاکستان کی 76 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے کسی ایس ایس جی کمانڈو فوجی افسر کو میجر جنرل کے رینک پر ترقی ملی ہے۔ میجر جنرل جولین معظم جیمز پہلے مسیحی ایس ایس جی کمانڈو افسر ہیں جنہیں یہ اعزاز ملا ہے۔
It's a day of immense pride for Christians in Pakistan as we celebrate the promotion of a remarkable individual to the rank of “Major General”. Making history as the “first SSG Christian Commando Officer” Major General Jullion Moazzam James in the 76-year history of the Pakistan…
— Bishop Azad Marshall (@BishopAzadM) July 5, 2024
انہوں نے مزید لکھا کہ پاک فوج کی جانب سے مسیحی فوجی افسر کو ملنے والی یہ ترقی اہم سنگ میل ہے جس نے ہماری کمیونٹی کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے بھی اتوار کے روز میجر جنرل جولین معظم جیمز کو ترقی پانے پر مبارک باد دی۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور دفاع کے لیے مسیحی برادری کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ میجر جنرل جولین معظم جیمز کی صلاحیتیں اور بھرپور محنت نوجوان نسل کے لیے مشعل راہ ہیں۔
یاد رہے رواں ہفتے پاک فوج میں برگیڈیئر رینک کے 22 افسران کو میجر جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے جن میں میجر جنرل جولین معظم جیمز بھی شامل ہیں۔ پاکستان آرمی پروموشن بورڈ نے ان ترقیوں کی منظوری دی ہے۔
رواں سال کے آغاز میں اسی نوعیت کی ایک اور خبر آئی تھی جب پاک فوج میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی خاتون فوجی افسر ہیلن میری رابرٹس کو برگیڈیئر رینک پر ترقی دی گئی تھی۔ برگیڈیئر ہیلن میری رابرٹس مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی پہلی خاتون فوجی افسر تھیں جنہیں پاکستان کی تاریخ کے 76 سالوں میں پہلی مرتبہ یہ اعزاز ملا تھا۔ برگیڈیئر ہیلن میری رابرٹس کا تعلق پاک فوج کی میڈیکل کور سے ہے۔