پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انکشاف کیا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم بننے کے لالچ میں ہماری پارٹی چھوڑی۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا شاہ محمود قریشی سے متعلق کہنا تھا کہ وفاقی وزیر صاحب آپ نے ہماری جماعت کیوں چھوڑی ہمیں سب پتا ہے، آپ اب بھی تحریک انصاف یا عمران خان کا نہیں اپنا سیاسی لوہا منوانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ جانتے ہیں جب یہ ہمارے وزیر تھے وہ کس کے کہنے پر دوسری جماعت میں گئے، وہی وفاقی وزیر وزیر اعظم بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بلاول بھٹو کے اس بیان پر اپنے ردعمل میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بلاول بھٹو کی باتیں صرف جذباتی اور بے معنی ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے بلاول بھٹو کو پارٹی چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میں نے ریمنڈ ڈیوس کے مسئلے پر پیپلز پارٹی کو خیر باد کہا تھا، مجھے سمجھ نہیں آرہی کہ بلاول کو اتنی پریشانی کیا پڑ گئی۔
انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کسی بھی غلط فہمی کا شکار نہ رہیں، عمران خان صاحب کی پوزیشن پارٹی میں قائم ہے۔
اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹ میں تقریر کے دوران کہا تھا کہ سندھ کے ساتھ ہرگز امتیازی سلوک نہیں روا رکھا جا رہا، اس کو آبادی کے تناسب سے زیادہ سامان دیا، سندھ کے ساتھ نہ زیادتی ہوئی ہے نہ کریں گے، جیسے پنجاب میں لوہا منوایا اب سندھ میں ہم اپنا لوہا منوائیں گے، تیاری کر لو۔