پی ٹی آئی کی سینئر رہنما ڈاکٹر شیریں مزاری اور ڈاکٹر یاسمین راشد گرفتار

پی ٹی آئی کی سینئر رہنما ڈاکٹر شیریں مزاری اور ڈاکٹر یاسمین راشد گرفتار
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خاتون رہنماؤں سینیئر نائب صدر ڈاکٹر شیریں مزاری اور سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد کو پولیس نے اسلام آباد اور لاہور میں چھاپوں کے دوران حراست میں لے لیا۔

پی ٹی آئی وسطی پنجاب کی صدر اور سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد کو گرفتار کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد کو صوبائی دارالحکومت لاہور سے گرفتار کیا گیا ہے اور ان کی گرفتاری کی تصدیق پی ٹی آئی رہنما عندلیب عباس کی جانب سے بھی کی گئی ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ سابق صوبائی وزیر کو کس کیس میں گرفتار کیا گیا ہے اس حوالے سے معلومات تاحال سامنے نہیں آسکی ہیں۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کی مرکزی رہنما اور سینیئر نائب صدر ڈاکٹر شیریں مزاری کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ اسلام آباد پولیس کی جانب سے رات گئے رہنما پی ٹی آئی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر ان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ڈاکٹر شیریں مزاری کی گرفتاری کی تصدیق ان کی بیٹی ایمان مزاری کی جانب سے کی گئی تھی۔

علاوہ ازیں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر کو اسلام آباد ہائی کورٹ سے، فواد چوہدری کو سپریم کورٹ کے احاطے سے اور شاہ محمود قریشی کو جی بی ہاؤس سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کے علاوہ پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی رہنما سینیٹر اعجاز چوہدری اور علی محمد خان کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق پی ٹی آئی رہنماؤں کو امن و امان کی صورت حال کے پیش تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کو رہا کرنے اور پولیس لائنز گیسٹ ہاؤس میں رکھنے کا حکم دیا گیا تھا۔