نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورت حال کو قابو میں رکھنے کیلئے تمام قانونی اقدامات اٹھانے کا حکم دے دیا۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں صوبے میں امن عامہ کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، سی سی پی او لاہور، سیکرٹری قانون، سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن اور متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔
تمام کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
انسپکٹر جنرل پولیس نے امن وامان کی صورتحال اور شر پسندوں کے خلاف جاری آپریشن بارے بریفنگ دی۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے متعلقہ حکام کو صوبے میں امن وامان کیلئے تمام قانونی اقدامات کا حکم دیتے ہوئے شرپسندوں اور حملہ آوروں کی جلد شناخت کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ سرکاری املاک میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کر کے دہشتگردی کا بد ترین مظاہرہ کیا گیا۔ کورکمانڈر سمیت سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کےخلاف کارروائی کی جائے۔ حملہ آوروں کی شناخت کر کے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔
نگران وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ محکمہ پراسیکیوشن دہشت گردی کے ان واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف پراسیکیوشن کے عمل کو تیز رفتاری سے آگے بڑھائے۔پرتشدد واقعات میں ملوث بلوائیوں کے سہولت کاروں کیخلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔ صوبے میں قانون کی حکمرانی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔