Get Alerts

گھریلو صارفین کو صرف کھانا پکانے کیلئے گیس دینے کی تجویز

گھریلو صارفین کو صرف کھانا پکانے کیلئے گیس دینے کی تجویز
وزارتِ توانائی نے سردیوں میں گھریلو صارفین کو صرف ناشتے، دوپہر اور رات کے کھانے کے اوقات میں دن میں تین مرتبہ گیس فراہم کرنے کی تجویز دی ہے۔

وفاقی کابینہ کی کمیٹی برائے توانائی کی جانب سے آئندہ ہفتے موسم سرما کیلئے گیس لوڈ مینجمنٹ پلان کی منظوری دی جائے گی جبکہ اس کیلئے وزارت توانائی کے پیٹرولیم ڈویژن نے تجاویز تیار کر لی ہیں۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے موسم سرما میں گھریلو صارفین کو دن میں صرف تین وقت کھانا پکانے کیلئے گیس فراہم کرنے کی تجویز تیار کر لی گئی ہے، یعنی کھانے بنانے کے طے شدہ اوقات کار کےعلاوہ گیس دستیاب نہیں ہو گی۔

ذرائع کے مطابق یہ تجویز کمیٹی کے اجلاس میں پہلے بھی پیش ہوئی اور قابل عمل نہیں لگی اور فیصلہ مؤخر کر دیا گیا تاہم اب یہ فیصلہ اگلے ہفتے ہوگا۔

یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ پاور سیکٹر، برآمدی صنعتوں اور کھاد کی صنعت کو گیس کی بلاتعطل فراہمی کو جاری رکھا جائے۔

اس کے علاوہ موسم سرما میں گیس پریشر میں کمی کے باعث پنجاب، اسلام آباد اور سوئی نادرن گیس سسٹم کے علاقوں میں دسمبر اور جنوری کے 2 ماہ گاڑیوں کی سی این جی مکمل طور پر بند کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے جبکہ صوبہ سندھ میں سوئی سدرن کے علاقوں میں ہفتہ وار سی این جی کی فراہمی تین روز کیلئے بند کی جائے گی۔

تاہم ان سب تجاویز پر حتمی فیصلہ کابینہ کی توانائی کمیٹی کرے گی جس کے بعد سردیوں کیلئے گیس لوڈمنیجمنٹ پلان کا اعلان متوقع ہے۔