سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان جنہوں نے 21 نومبر کو پاکستان کا دورہ کرنا تھا، اب اطلاعات ہیں کہ ان کا دورہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔
وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان ملتوی کر دیا گیا ہے اور ان کے دورے کی اگلی تاریخ کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد کے دورے کے ملتوی ہونے کی کوئی وجہ سامنے نہیں آئی۔
اس سے قبل سفارتی ذرائع کا یہ کہنا تھا کہ اس دورے میں سعودی ولی عہد کی طرف سے پاکستان کو 4.2 بلین ڈالر کا اضافی بیل آؤٹ پیکج ملنے کی توقع ہے۔ اس کےعلاوہ سعودی عرب پاکستان میں مظبوط سرمایہ کاری کرنے میں بھی دلچسپی رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ متعدد پاک سعودی پٹرولیم معاہدوں کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
پچھلے ماہ وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی کہا تھا کہ سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان میں وہ پاکستان میں آئل ریفائنری لگانے کے لئے 10 ارب ڈالر کی رقم کا اعلان کریں گے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں غیر یقینی سیاسی صورتحال کی وجہ سے سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان مزید تاخیر کا شکار ہو سکتا ہے۔