اسلام آباد: وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں واقع ہم نیوز کی انتظامیہ نے حالات حاضرہ کا مقبول پروگرام ویوز میکرز بند کر دیا اور پروگرام کی میزبان خاتون اینکر زریاب سمیت پوری ٹیم کو نوکریوں سے نکال دیا ۔ اطلاعات کے مطابق ہم نیوز کے حالات حاضرہ کے پروگرام 'ہم ویورز' میں کل پانچ لوگ کام کررہے تھے اور گزشتہ روز بغیر کسی نوٹس یا وجوہات بتائے پورے ٹیم کو نوکری سے نکال دیا گیا۔
ہم ٹی وی نیٹ ورک کی ویب سائٹ کے مطابق اس وقت ہم نیٹ ورک کے چھ چینلز نشر ہورہے ہیں جبکہ چینل کے تعلقات عامہ اور ہم مارٹ نامی کمپنی بھی شامل ہے۔ نشر ہونے والے چینلز میں ہم نیوز، ہم ٹی وی، ہم مسالہ، ہم فلم، ڈیجیٹل میڈیا اور ہم ستارے شامل ہیں۔ ویب سائٹ کے مطابق ہم نیٹ ورک اس وقت مارکیٹ میں سب سے زیادہ آمدن کما رہا ہے مگر اس کے باوجود پانچ لوگوں کو مالی مشکلات کے سبب نوکری سے نکالنا سمجھ سے بالاتر ہے۔
حالات حاضرہ کے پروگرام ہم ویورز کے پروڈیوسر فرخ نے نیا دور میڈیا کو بتایا کہ ڈیڈھ سال پہلے ہمارے پانچ لوگوں کی ٹیم نے "ہم ویورز" نامی پروگرام شروع کیا تھا جن کی میزبانی زریاب کررہی تھیں اور یہ شو ہفتے میں چھ دن نشر ہوتا تھا۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس ٹیم نے ہفتے کے سات دن بھی کام کیا اور کئی ہفتے تو اتنے مصروف گزرے کہ پوری ٹیم نے کوئی بھی چھٹی نہیں کی۔ فرخ نے مزید بتایا کہ پہلے اس پروگرام کے دیکھنے والے بہت کم تھے اور مشکل سے کوئی مہمان پروگرام میں آتا تھا مگر ٹیم نے اتنی محنت کی کہ لوگ اس پروگرام میں آنے کے لئے درخواست کرتے تھے ۔ معلومات کے مطابق پروگرام کی ویورشپ بہت اچھی جارہی تھی اور پروگرام روز بروز مقبول ہوتا جارہا تھا اور نا ہی بظاہر چینل میں کسی مالی مسئے کا شکار تھا۔
پروگرام پروڈیوسر نے مزید کہا کہ چینل میں کوئی مالی مسائل نہیں ہیں مگر ایک نئے ڈائریکٹر نیوز نے پورے شو کو بند کرکے نوکریوں سے نکال دیا اور اتنا بتایا کہ 9 نومبر تک اگر آپ نے ویسے دفتر آنا ہے تو آپ آئیں مگر پروگرام بند کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے براہ راست کہا کہ آپ کو نوکریوں سے بھی نکال دیا گیا ہے اور یہ شو نیوز ٹیم کے حوالے کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انکا کہنا تھا کہ پروگرام کے مواد سے کسی کو مسئلہ نہیں تھا کیونکہ سارا پروگرام ادارتی پالیسی سے گزر کر نشر ہوتا تھا۔ پروگرام پروڈیوسر سے جب پوچھا گیا کہ کیا اس ٹیم کی تنخواہیں اتنی زیادہ تھی جس سے چینل کی مالی بچت ہو تو انھوں نے جواب دیا کہ پوری ٹیم کی تنخوا تقریبا پانچ لاکھ تک تھی اور حالات حاضرہ کے مقبول ہوتے ہوئے پروگرام کے لئے یہ رقم کچھ بھی نہیں اور ویسے بھی چینل نے انہیں صرف ایک مہینے کی تنخوا دی تھی۔