Get Alerts

وفاقی حکومت کا کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ

وفاقی حکومت کا کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ
وفاقی حکومت نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے ملک بھر میں جاری جزوی لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ کر لیا جس کا اعلان منگل کو کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی کوآرڈی نیشن کمیٹی (این سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں کرونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں لاک ڈاؤن سے متعلق ملک بھر میں یکساں پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا، تعمیراتی سیکٹر کا پہلا فیز 14 اپریل سے کھولنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے درخواست کی کہ کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل سندھ حکومت سے مشاورت کی جائے۔ جس پر وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی درخواست کو منظور کر لیا۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا اعلان منگل کو کیا جائے گا اور تعمیراتی سیکٹر کا پہلا فیز بھی 14 اپریل سے کھول دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم چاہتے ہیں کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن سے متعلق ایک جیسی پالیسی ہو۔

خیال رہے کہ ملک میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے جزوی لاک ڈاؤن جاری ہے جس کی مدت 14 اپریل کو ختم ہورہی ہے۔