Get Alerts

پاکستان کے ساتھ سٹاف لیول معاہدے پر جلد دستخط ہو جائیں گے: ڈائریکٹر آئی ایم ایف

پاکستان کے ساتھ سٹاف لیول معاہدے پر جلد دستخط ہو جائیں گے: ڈائریکٹر آئی ایم ایف
پاکستان کی وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے ڈائریکٹر جہاد ازور  نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ساتھ سٹاف لیول معاہدے پر جلد دستخط ہو جائیں گے۔ امید ہے پاکستان مختلف شعبوں میں اصلاحات جاری رکھے گا اور آئی ایم ایف کے پروگرام کو بروقت مکمل کرلے گا۔

آئی ایم ایف کے مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کے شعبے کے ڈائریکٹر جہاد ازور نے یہ ریمارکس پاکستان کی ایک ٹیم سے بات کرتے ہوئے دیئے جو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی اسپرنگ میٹنگز میں شرکت کے لیے امریکا میں موجود ہے۔

آئی ایم ایف کے اجلاس کی سربراہی ڈائریکٹر مشرق وسطیٰ جہاد ازور نے کی۔ پاکستان سے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، طارق باجوہ، طارق پاشا، امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود احمد خان، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے شرکت کی۔ اس دوران آئی ایم ایف کے جاری پروگرام کی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ آئی ایم ایف مشن کے دورہ پاکستان کے دوران پیشگی اقدامات پر عملدر آمد کا جائزہ بھی لیا گیا۔

فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نےاسلام آباد سے زوم کے ذریعے اجلاس میں ورچوئل شرکت کی۔

ڈائریکٹر آئی ایم ایف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ساتھ سٹاف لیول معاہدے پر جلد دستخط ہو جائیں گے اور مشن پاکستان کے معاشی استحکام میں مثبت کردار کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے پاکستان مختلف شعبوں میں اصلاحات جاری رکھے گا اور آئی ایم ایف کے پروگرام کو بروقت مکمل کرلے گا۔ آئی ایم ایف پاکستان میں معاشی اصلاحات لانے میں ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔

اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ نویں جائزے کے لیے تمام پیشگی شرائط پوری کی جا چکی ہیں اور پاکستان کی حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ طے کیے گئے معاملات کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

پاکستان نے آئی ایم ایف سے قرض کی قسط حاصل کرنے کے لیے تمام ضروری تیاری مکمل کر لی ہے تاہم آئی ایم ایف کی جانب سے دوست ممالکت سے ضمانتیں مانگی گئی ہیں جن کے حصول کے لئے پاکستان کوشش کر رہا ہے۔

وزرت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہےکہ متحدہ عرب امارات سے ایک ارب ڈالر کی فنانسنگ کے لیے معاملات فائنل ہوچکے ہیں اور یو اے ای حکام کی جانب سے گارنٹی ملتے ہی آئی ایم ایف کو بھی تحریری ضمانت مل جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں سیکرٹری وزارت خزانہ آئی ایم ایف کو واشنگٹن میں سالانہ میٹنگز کے دوران آگاہ کردیں گے۔

ذرائعکاکہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کیلئے وزیراعظم آفس سےدوست ممالک سے درخواست کی گئی۔

یاد رہے گزشتہ ہفتے سعودی عرب نے آئی ایم ایف کو پاکستان کے لئے دو ارب ڈالر کی فنڈنگ کی یقین دہانی کرادی۔ رقم پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر کے لیے فراہم کی جائے گی۔

واضح رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اسٹاف لیول معاہدہ دوست ملکوں کی فنڈنگ سے مشروط کر دیا تھا۔ وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا تھا کہ دوست ملکوں سے پانچ ارب ڈالر کی فنڈنگ کی یقین دہانی لازمی کرانا ہوگی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ چین نے دو ارب ڈالر کی یقین دہانی کرادی ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی یو اے ای اور سعودی عرب فنڈنگ سے منسلک ہے۔ جتنی جلدی یو اے ای اور سعودی عرب یہ کنفرم کریں گے۔ اسٹاف لیول معاہدے پر بھی اتنی ہی جلدی دستخط ہو جائیں گے۔