مسلم لیگ ن کے اہم رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی کی ڈگری جعلی نکلی

عام انتخابات میں بہاول نگر سے پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 239 پر منتخب ہونے والے مسلم لیگ ن کے ممبر صوبائی اسمبلی رانا عبدالرؤف کی بی اے کی ڈگری جعلی نکلی۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان یونیورسٹی نے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے رانا عبدالرؤف کی ڈگری کو منسوخ کرتے ہوئے نوٹیفیکشن جاری کر دیا ہے۔



بلوچستان یونیورسٹی کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفیکشن کے مطابق بہاول نگر سٹی سے مسلم لیگ ن کے منتخب ہونے والے ایم پی اے رانا عبدالرؤف کی ڈگری جعلی ثابت ہونے پر یونیورسٹی کے چانسلر اور گورنر بلوچستان نے ڈگری کو منسوخ کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ رانا عبدالرؤف نے 2008 کے جنرل الیکشن میں بی اے کی ڈگری الیکشن کمیشن میں جمع کرائی تھی جسے سابق ایم پی اے راؤ اعجاز علی خان نے چیلنج کیا تھا۔

اس کے بعد رانا عبدالرؤف 2008، 2013 اور  2018 میں مسلسل تیسری مرتبہ ممبر پنجاب اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں۔ رانا عبدالرؤف مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر ہیں اور مسلم لیگ ن کے سوشل میڈیا پاکستان کے ہیڈ رانا عاطف رؤف کے والد ہیں۔