Get Alerts

معروف اداکار تنویر جمال جاپان میں انتقال کر گئے

معروف اداکار تنویر جمال جاپان میں انتقال کر گئے
معروف اداکار تنویر جمال جاپان میں انتقال کر گئے۔

تنویر جمال کینسر کے مرض میں مبتلا تھے، انہیں طبیعت ناساز ہونے کے بعد جاپان کے اسپتال میں داخل کروایا گیا تھا۔

پاکستانی ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے ڈرامے ’جانگلوس‘ سے شہرت حاصل کرنے والے سینئر اداکار تنویر جمال کینسر کی تشخیص کے بعد علاج کے لیے جاپان منتقل ہوئے تھے۔

معروف اداکار، ڈائریکٹر اور پروڈیوسر تنویر جمال دوسری مرتبہ کینسر کی تشخیص ہونے کے بعد علاج کے لیے جاپان منتقل ہوئے تھے۔ وہ 2016 میں پہلی دفعہ کینسر کے مرض کا شکار ہوئے تاہم علاج کے بعد صحتیاب ہوگئے تھے ۔ تنویر جمال نے 1990 سے قبل ہدایت کار کاظم پاشا کے ڈرامے ’جانگلوس‘ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انہیں پہلے ہی ڈرامے سے شہرت ملی۔

پہلے ڈرامے کی کامیابی کے بعد تنویر جمال پی ٹی وی کے دیگر متعدد مشہور ڈراموں ’جناح سے قائد، سمجھوتا، بابر، انتہا، جنم جلی اور جلتے سورج‘ سمیت 90 کی دہائی کے دیگر مقبول ڈراموں میں بھی کام کیا اور کم وقت میں اپنی منفرد پہنچان بنائی۔ تنویر جمال نے بحرین، پیرس، تھائی لینڈ اور جاپان سمیت دیگر ممالک میں ہوٹلنگ اور بزنس اداروں میں ملازمتیں بھی کیں اور انہوں نے جاپانی نژاد لڑکی سے ہی کیریئر شروع ہونے سے قبل ہی شادی کرلی تھی۔

ان سے شادی کیلئے جاپانی لڑکی نے اسلام قبول کیا اور دونوں کے درمیان شادی سے قبل ہی تعلقات استوار ہو چکے تھے۔ تنویر جمال کے بچے اور اہلیہ اس وقت بھی جاپان میں ہی رہتے ہیں اور ان کے بیٹے نے جاپانی نژاد امریکی لڑکی جبکہ بیٹی نے پاکستانی نژاد جاپانی لڑکے سے شادی کر رکھی ہے۔ تنویر جمال کے پاس جاپانی شہریت بھی ہے اور وہاں اہل خانہ کی رہائش کی وجہ سے وہ ہر چند ماہ بعد جاپان جاتے ہیں۔تاہم اس بار وہ کینسر کی تشخیص کے بعد جاپان منتقل ہوئے تھے جہاں ان کا انتقال ہو گیا۔