وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کے دوران چیئرمین نادرا محمد طارق ملک نے اپنا استعفا پیش کر دیا جسے وزیر اعظم نے منظور کر لیا۔
وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران شہباز شریف نے چیئرمین نادرا کے طور پر طارق ملک کی خدمات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
ملاقات کے بعد میڈیا کو جاری کردہ بیان میں طارق ملک نے کہا کہ اپنے دو سالہ دور میں انہوں نے 45 سے زائد جدت آمیز خدمات اور سہولیات متعارف کرائیں جن کا مقصد بچوں، نوجوانوں اور پارلیمان کو مضبوط بنانا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اقوامِ متحدہ نے حال ہی میں انہیں پاکستان میں ڈیجیٹل انقلاب پر تیار کی جانے والی 'نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ رپورٹ 2023' کی ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا ہے جو نا صرف ان کے لئے اعزاز ہے بلکہ انہیں اپنے اس مشن کو آگے بڑھانے کا ایک شاندار موقع بھی فراہم کرتا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ طارق ملک پر نادرا میں کرپشن کیے جانے کا الزام ہے۔ طارق ملک کے خلاف آئرس سسٹم کی خریداری میں بدعنوانی کی نیب میں انکوائری جاری ہے جس کے سبب وہ مستعفی ہوئے۔
اطلاعات ہیں کہ ایف آئی اے نے طارق ملک کے ملک سے باہر جانے پر پابندی عائد کر دی ہے، جب تک وہ تحقیقات سے بری نہیں ہو جاتے انہیں ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔