جی این این نیوز کا ملازمین کو آدھی تنخواہ دے کر پوری کی وصولی پر سائن کرانے کا انکشاف

جی این این نیوز کا ملازمین کو آدھی تنخواہ دے کر پوری کی وصولی پر سائن کرانے کا انکشاف
پاکستان میں میڈیا انڈسٹری سے وابستہ ملازمین کا استحصال جاری ہے، ورکر صحافی کرونا وائرس کے خطرے کے ساتھ ساتھ معاشی مسائل کا بھی شکار ہونے لگے، نیوز چینل جی این این کی انتظامیہ نے کارکن دشمنی کی انتہا کر دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جی این این انتظامیہ نے پہلے پروگرامنگ کے شعبہ میں چند پروگراموں کی ٹیموں کی تنخواہ میں پچاس فیصد کٹوتیاں کیں اور اب نیوز سمیت تمام شعبوں کے کارکنوں کو ماہ اپریل کی تنخواہ پچاس فیصد ادا کی گئی ہے جبکہ بقیہ 50 فیصد کی ادائیگی مؤخر کر دی گی۔

ذرائع کے مطابق اکاؤنٹس سیکشن نے نقد تنخواہ لینے والے کارکنوں کو پچاس فیصد تنخواہ دی تو اکثر کارکنوں نے وصول کرنے سے انکار کر دیا۔ اکاؤنٹس سیکشن نے حالات سنبھالنے کے لیے باقی تنخواہ آئندہ چند دن میں ادا کرنے کی تسلی دی لیکن کارکن مطمئن نہ ہوئے۔

یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ حیرت انگیز طور پر جی این این میں کارکنان کو آدھی تنخواہ ادا کر کے اکاؤنٹس ڈیپارٹمنٹ نے پوری تنخواہ کی وصولی پر دستخط کرائے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق چینل انتظامیہ کے اس اقدام پر جب نیوز سیکشن کے کارکنان اپنے ہیڈ آف نیوز کے پاس گئے اور احتجاج ریکارڈ کرایا تو انہوں نے کارکنوں کو باور کرایا کہ اگر انتظامیہ چھانٹیاں کر دیتی تو ہم کیا کر لیتے؟ یہ انتظامیہ کا احسان ہے کہ اس نے چھانٹی کے بجائے کٹوتی پر اکتفا کیا۔

کارکنوں کے احتجاج پر انتظامیہ نے فیصلے پر نظرثانی کا اشارہ دیا ہے لیکن کٹوتی کا آپشن مائنس نہیں کیا۔ تاہم کٹوتی کی شرح کم کرنے کے اشارے دیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستانی نیوز چینلز میں کارکنان کا استحصال عام بات ہے، اکثر نیوز چینلز میں ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا سامنا ہے اور جہاں تنخواہیں مل رہی ہیں وہاں کٹوتی کی جا رہی ہے۔ میڈیا مالکان کے سامنے بے بس حکومت میڈیا انڈسٹری سے جڑے ملازمین کو ان کے حقوق دلوانے میں ناکام ہو رہی ہے۔