Get Alerts

دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کا آغاز، ٹھیکہ پاک فوج کے ذیلی ادارے ایف ڈبلیو او اور پاور چائنا کو ایوارڈ

دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کا آغاز، ٹھیکہ پاک فوج کے ذیلی ادارے ایف ڈبلیو او اور پاور چائنا کو ایوارڈ
واٹر اینڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کی تعمیر کے لیے پاور چائنا اور پاک فوج کے ذیلی ادارے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن پر مشتمل جوائنٹ وینچر کے ساتھ 442 ارب روپے کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ معاہدے میں ڈائی ورژن سسٹم، مین ڈیم، رسائی کے لئے پُل اور 21 میگاواٹ صلاحیت کے تانگیر ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر شامل ہے۔

معاہدے پر دستخط کی تقریب میگاہائیڈل پراجیکٹس آفس کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ واپڈا کی جانب سے دیامر بھاشا ڈیم کے چیف ایگزیکٹوافسر عامر بشیر چوہدری اور جوائنٹ وینچر کی جانب سے ینگ جیانڈو نے معاہدے پر دستخط کیے۔ وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واڈا، چینی سفیر یاؤ جنگ، وفاقی سیکریٹری آبی وسائل محمد اشرف، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین، پاکستان آرمی کے انجینئر انچیف لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز اور ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او میجر جنرل کمال اظفر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واڈا نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم پر تعمیراتی کام کا آغاز آئندہ چند ہفتوں میں ہوجائے گا، یہ منصوبہ پاکستان میں پانی، خوراک اور توانائی سیکیورٹی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے اِس عزم کا اعادہ کیا کہ واپڈا اِس اہم منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرے گا تاکہ ملک میں پانی اور بجلی کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔ اُنہوں نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر پر مجموعی لاگت کا تخمینہ 1406.5 ارب روپے ہے اور یہ 2028 میں مکمل ہوگا، مجموعی لاگت میں زمین کی خریداری، متاثرین کی آباد کاری، مقامی لوگوں کی معاشی اور معاشرتی ترقی کے لیے اعتماد سازی کے اقدامات پر مبنی منصوبے، مین ڈیم اور بجلی گھروں کی تعمیر شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دیامر بھاشا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی صلاحیت 8.1 ملین ایکڑ فٹ جبکہ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4500 میگاواٹ ہوگی، منصوبہ ہر سال نیشنل گرڈ کو 18 ارب 10 کروڑ یونٹ کم لاگت پن بجلی مہیا کرے گا۔

قبل ازیں دیامر بھاشا ڈیم کے لیے کنسلٹنسی سروسز کا معاہدہ بھی ایوارڈ کیا جاچکا ہے جس کی مالیت 27 ارب 18 کروڑ روپے ہے۔