عمران خان اپنے مطلب کے لیے لوگوں کو استعمال کرتے ہیں: سردار تنویر الیاس 

عمران خان اپنے مطلب کے لیے لوگوں کو استعمال کرتے ہیں: سردار تنویر الیاس 
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رہنما اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس  نے کہا ہے کہ عمران خان اپنے مطلب کے لیے لوگوں کو استعمال کرتے ہیں۔ عمران خان کے دو چہرے ہیں۔ آنے والے دنوں میں دو چہروں  والے عمران خان کو  بے نقاب کروں گا۔

ایک بیان میں سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی ذات کی خود پرستی میں گم ہوچکے ہیں۔ عمران خان لوگوں کو اپنے مطلب کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ جو  چیز عمران خان کے حق میں ہو خواہ وہ عدالت ہو، عوام ہوں یا کوئی اور ادارہ ہو اُسے وہ ماننے کے لیے تیار ہو جاتے ہیں لیکن جب کوئی چیز ان کے حق میں نہ ہو وہ اس کو نہیں مانے گا۔

سردار تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اپنی ذات کی خود پرستی میں گُم ہو چکے ہیں۔ اس کی مثال ہے کہ عمران خان اپنے دیرینہ دوست کے جنازے میں بھی نہیں گئے۔ ایک اور بہت بڑے رہنما جب فوت ہوئے تو عمران خان ان کے گھر پر تھے۔ عمران خان بجائے ان کی لاش دیکھنے کے لاہور روانہ ہو گئے تھے۔

انہوں نے کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف کیسز اتنے جاندار ہیں کہ ان سے بچ نکلنا اتنا آسان نہیں ہو گا۔ اس لیے وہ قانون کو اپنے ہاتھ میں لینا چاہتے ہیں۔ قومی املاک اور اداروں پر حملے کر رہے ہیں اور ایسے حملے کر رہے ہیں کہ شاید ایسا کوئی دشمن بھی نہ کر سکتا۔

سردار تنویر الیاس نے کہا کہ سب نے دیکھا کہ ماضی میں عمران خان نے عدالتوں کے بارے میں کیا رویہ رکھا۔ عمران خان کے دو چہرے ہیں آنے والے دنوں میں دو چہروں والے عمران خان کو بے نقاب کرتا رہوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی احسان فراموشی اور طوطا چشمی کی داستاں بڑی لمبی ہے۔ عمران خان کے انسانی احساسات، انسانی جذبات کا کوئی تصور نہیں ہے۔ وہ بنیادی طور پر ایک احسان فراموش ہیں۔ لوگوں کو اپنے حق میں استعمال کرنا اور پچھے مُڑ کر نہ دیکھنا ان کا وتیرہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ایسا لب و لہجہ، ایسا طریقہ کار اختیار کیا جو دشمن بھی نہیں کر سکتا۔ میں شدید ترین مذمت کرتا ہوں۔