Get Alerts

پلان بی کے تحت ملک بھر کی اہم شاہراؤں کی بندش کا امکان

پلان بی کے تحت ملک بھر کی اہم شاہراؤں کی بندش کا امکان
جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے حکومت مخالف تحریک کے دوسرے مرحلے اور آزادی مارچ کے پلان ’بی‘ پر کل سے عمل کرنے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد کے پشاور موڑ پر آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب میں مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ کل کارکنوں کو صوبائی جماعتیں پلان ’بی‘ سے آگاہ کردیں گی۔

انہوں نے کارکنوں کو ہدایت دی کہ ہم نے تشدد سے دور رہنا ہے، اپنی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں، آپ یہاں رہیں اور جو کارکن گھر وں پر ہیں وہ نکلیں اور پلان بی پر عمل درآمد کریں۔

مکمل پلان بی
پلان بی کے مطابق جے یو آئی خیبرپختونخوا کل دو بجے  انڈس ہائی وے کو  بند کرے گی جبکہ  پشاور لاہور موٹروے کو بند بھی کیا جائے گا۔ چکدرہ کے مقام پر سوات دیر چترال اور باجوڑ کے لائنز بند ہونگے۔ اس کے علاوہ شاہراہ قراقرم بند کیا جائے گا۔

جے یو آئی کے اعلامیے کے مطابق  پنجاب میں کل دو بجے کوٹ سبزل رحیم یارخان پر پنجاب سندھ شاہراہ بند کیا جائے گا۔ جبکہ ڈیرہ غازی خان میں انڈس ہائی وے بند کیا جائے گا۔ راولپنڈی میں اسلام آباد کے دو داخلی مقامات پر دھرنا دے کر بند کیا جائے گا۔

جے یو آئی کے اعلامیے کے مطابق  صوبہ سندھ میں کراچی سے بلوچستان کا گیٹ وے حب ریور روڈ پر بند کیا جائے گا۔ کراچی کے کارکن وہاں پہنچیں گے۔  جیکب آباد اور ملحقہ اضلاع کے کارکنان جیکب آباد کے مقام پر دھرنا دے کر سندھ بلوچستان شاہراہ بند کرینگے۔ سکھر، پنو عاقل، شکارپور اور ملحقہ اضلاع گھوٹکی کے مقام پر سندھ پنجاب کا رابطہ توڑینگے۔ سکھر کے مقام پر سکھر ملتان موٹروے کو بند کیا جائے گا۔

بلوچستان میں  کل دو بجے سے کوئٹہ چمن شاہراہ مکمل بند ہو گی جبکہ ایران تفتان شاہراہ کو بند کیا جائے گا۔  کراچی شاہراہ کو خضدار کے مقام پر بند کیا جائے گا۔ پنجاب بلوچستان شاہراہ کو ڈیرہ غازی خان باونڈری پر بند کیا جائے گا۔