2022 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ انگلینڈ نے جیت لیا ہے۔ ورلڈ کپ کے فائنل میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر جیت اپنے نام کر لی۔
میلبورن کرکٹ اسٹیڈیم میں اتوار کے روز کھیلے گئے فائنل میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستانی ٹیم کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔ پاکستانی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے کوئی بھی کھلاڑی فائنل میں نصف سنچری بنانے میں ناکام رہا۔ شان مسعود 38 رنز بنا کر اننگز کے ٹاپ سکورر رہے جبکہ کپتان بابر اعظم نے 32 رنز بنائے۔
138 رنز کا ہدف انگلینڈ کی ٹیم نے 19 اوورز میں حاصل کر لیا۔ انگلینڈ کی جانب سے بین سٹوکس نے سب سے زیادہ 52 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔
انگلینڈ کے عالمی چیمپئن بننے کے بعد دنیا بھر سے کرکٹ کے شائقین انہیں مبارک بادیں بھیج رہے ہیں۔ دنیائے کرکٹ سے جڑے بڑے نام ٹوئٹر پر اپنے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں۔
سچن ٹنڈولکر نے لکھا کہ انگلینڈ کو دوسرا ورلڈ کپ جیتنے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ فائنل بہت دلچسپ ہوا اور اگر شاہین آفریدی زخمی نہ ہوتے تو اور بھی دلچسپ ہو جاتا۔
سری لنکن کھلاڑی سنتھ جائےسوریا نے لکھا کہ انگلینڈ کو مبارک باد کہ انہوں نے محظوظ کرنے والی کرکٹ کھیلی۔ پاکستان نے کسی بھی مرحلے پر ہمت نہ چھوڑ کر بہت عمدہ کھیل پیش کیا۔ آج کے مقابلے میں کرکٹ کی جیت ہوئی۔
سابق کیوی کپتان سٹیفن فلیمنگ کا کہنا تھا کہ آج کے میچ کا بہترین کھلاڑی بین سٹوکس ہے جسے چیمپئن انڈر پریشر کہا جا سکتا ہے۔
ویسٹ انڈین کھلاڑی رسل آرنلڈ نے لکھا کہ انگلینڈ اس وقت دونوں فارمیٹس کا چیمپئن ہے۔ انہوں نے انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو شاباش دینے کے ساتھ ساتھ پاکستانی کھلاڑیوں کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے بھی شاہین آفریدی کے زخمی ہو جانے کو میچ کا دکھی لمحہ قرار دیا۔
جنوبی افریقہ کے بلے باز اے بی ڈویلیئرز نے انگلینڈ کی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس ٹورنامنٹ کی سب سے بہترین ٹیم انگلینڈ ہی ہے۔
شعیب اختر کا کہنا تھا کہ فائنل میچ کا رزلٹ دیکھ کر دل دکھا ضرور ہے مگر ٹوٹا نہیں ہے۔ پاکستانی ٹیم نے بہت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کی باؤلنگ پورے ٹورنامنٹ میں شاندار رہی۔ میچ کا ٹرننگ پوائنٹ شاہین آفریدی کا زخمی ہونا تھا۔
شاہد آفریدی نے لکھا کہ پاکستانی بیٹنگ سائیڈ نے جو گڑھا کھودا، اسے بھرنا کسی بھی باؤلنگ اٹیک کے لئے مشکل تھا۔ انگلینڈ کی تیاری بہت اچھی تھی اور ہمارے کھلاڑیوں کو بھی اس بات پر خوش ہونا چاہئیے کہ ہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے رنر اپ ہیں۔
یووراج سنگھ نے لکھا کہ میں اپنے سسرالیوں کو مبارک باد دیتا ہوں۔ ایک بہت زیادہ دباؤ والے بڑے میچ میں بین سٹوکس نے بہت عمدہ کھیل پیش کیا۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم دوسری مرتبہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا ورلڈ کپ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 2010 کا ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا۔ انگلینڈ وہ پہلی ٹیم بن گئی ہے جو ایک ہی وقت میں ٹی ٹوئنٹی اور ففٹی ففٹی دونوں ورلڈ کپ کی چیمپیئن ہے۔