Get Alerts

توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کو وارنٹ کی تعمیل کیلئے قانون کے مطابق اقدامات کرنے کا حکم دے دیا۔

توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس: عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری

احتساب عدالت اسلام آباد نے توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ اور190 ملین پاؤنڈ کیس کی سماعت ہوئی. جج محمد بشیر نے کیس کی سماعت کی۔

نیب نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ کیلئے درخواست دائر کی تو عدالت نے استفسار کیا کہ ہائی کورٹ نے کیا کیا ہے؟ جس پر پراسیکیوٹر نے بتایا کہ مقدمہ زیرالتواء ہے نہ عدالت نے حکم معطل اور نہ کوئی سٹینڈنگ آرڈر جاری کیا۔ عدالت سے درخواست ہے کہ عمران خان کے وارنٹ جاری کیے جائیں اور جیل سپریٹنڈنٹ کواقدامات کی ہدایت کی جائے۔

عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ وارنٹ لیں گے تو کیا بلانا نہیں پڑے گا۔ جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ وارنٹ کے بعد گرفتارکریں گے تو جسمانی ریمانڈ کیلئے یہاں ہی لائیں گے۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے اڈیالہ جیل سپرنٹنڈنٹ کو وارنٹ کی تعمیل کیلئے قانون کے مطابق اقدامات کرنے کا حکم دے دیا۔

علاوہ ازیں اسی کیس نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاؤنڈ میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نیب اسلام آباد آفس میں نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے بطور ملزمہ پیش ہوئیں۔

نیب ٹیم نے بشریٰ بی بی سے پوچھ گچھ کی جس کے بعد انہیں 11 سوالوں پر مشتمل سوالنامہ فراہم کیا گیا جن کے جوابات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔

واضح رہے کہ عمران خان سائفر کیس میں گرفتار ہیں اور انہیں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اڈیالہ جیل میں رکھا گیا ہے۔ سیکریٹ عدالت نے عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت 14 نومبر کو مقرر کر رکھی ہے۔