Get Alerts

عمران خان نے 24 نومبر کو ملک بھر میں احتجاج اور اسلام آباد مارچ کی کال دے دی

عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے 24 نومبر کو احتجاج کا مرکز اسلام آباد ہوگا، احتجاج پاکستان بھر اور پوری دنیا میں ہوگا، احتجاج تب تک ختم نہیں ہوگا جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے۔

عمران خان نے 24 نومبر کو ملک بھر میں احتجاج اور اسلام آباد مارچ کی کال دے دی

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 24 نومبر کو ملک بھر میں احتجاج اور اسلام آباد مارچ کی کال دے دی۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اسلام آباد مارچ کے لیے کمیٹی قائم کر دی ہے تاہم انہوں نے کمیٹی کے نام منظر عام پر لانے سے انکار کیا ہے۔ بانی نے کہا کہ نام نہیں بتاؤں گا کیونکہ پھر رہنماؤں کو گرفتار کر لیا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے 24 نومبر کو احتجاج کا مرکز اسلام آباد ہوگا، احتجاج پاکستان بھر اور پوری دنیا میں ہوگا، احتجاج تب تک ختم نہیں ہوگا جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے۔

فیصل چوہدری کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا احتجاج کی یہ فائنل کال ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ 26 ویں ترمیم واپس لی جائے اور ہمارامینڈیٹ واپس کیا جائے، بغیر ٹرائل گرفتار لوگوں کو رہا کیا جائے۔

فیصل چوہدری نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا احتجاج میں پی ٹی آئی کی پوری لیڈرشپ نکلے گی اور ساری پارٹی کو پتا ہے کس نے کیا کرنا ہے جبکہ احتجاج ختم کرنے کا اختیار ایک کمیٹی کے پاس ہوگا۔

عمران خان کے وکیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر علی امین گنڈاپور بھی قافلہ لے کر خیبر پختونخوا سے نکلیں گے۔

دوسری جانب عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے فائنل کال دے دی ہے اور ایک ایک کارکن کو مخاطب ہو کر کہا ہے کہ پورے پاکستان میں نکلنا ہے۔