"پختونستان والے پٹ گئے، سندھو دیش کی باتیں کرنے والے بھی پٹ جائیں گے"

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وفاق سندھ حکومت میں کوئی چھڑ چھاڑ نہیں کرے گا، آئین کا احترام تھا، ہے اور رہے گا جبکہ ہم صوبائی خودمختاری پر آنچ آنے نہیں دیں گے۔ بلاول سے کہتا ہوں کہ کسی کے دباؤ میں آکر سندھو دیش کی باتیں نہ کریں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے اراکان اسمبلی سے کہتا ہوں آپ کے ذہن میں کوئی تشویش نہیں ہونی چاہیے، سندھ کے ماضی کے کردار کو سب تسلیم کرتے ہیں، ہم صوبائی خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔



کراچی کو وفاق کے کنٹرول میں لینے سے متعلق فروغ نسیم کے بیان پر وزیر خارجہ شاہ محمود نے کہا کہ وزیر قانون کی بات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جا رہا ہے، انہوں نے آرٹیکل 149 کے بیان پر وضاحت بھی دی تھی۔

انہوں نے اپوزیشن جماعت پاکستان پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے سید خورشید شاہ کے بیان پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ سندھ سے متعلق آپ کے ذہن میں کوئی تشویش نہیں ہونی چاہیے، سندھ اس ملک کی اکائی ہے، صوبے سے متعلق ماضی کا جو حوالہ دیا گیا، اسے تسلیم کرتے ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ بڑی سنجیدگی اور دیانت داری سے بلاول سے کہتا ہوں کہ کسی کے دباؤ میں آکر سندھو دیش کی باتیں نہ کریں، پیپلز پارٹی وفاق کی بات کرتی ہے، چیئرمین بلاول کو سندھ کارڈ کی باتیں کرنا مناسب نہیں دیتا۔ آپ یہ تاثر نہ دیں کہ پاکستان کے اندر صوبائی تعصب کی لہر ہے، یہاں پختونستان کی باتیں کرنے والے پٹ گئے اور سندھو دیش کی باتیں کرنے والے بھی پٹ جائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ آپ کے سیاسی سفر کی شروعات ہیں، سیاسی دباؤ میں آکر اس طرح کی بات کرنا آپ کو زیب نہیں دیتا۔