کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات: پنجاب میں مسلم لیگ ن نے میدان مارا، سندھ میں پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی برابر

کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات: پنجاب میں مسلم لیگ ن نے میدان مارا، سندھ میں پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی برابر
کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں مسلم لیگ ن نے پنجاب میں میدان مار لیا جبکہ صوبہ سندھ میں کنٹونمنٹ بورڈ کے تمام 53 وارڈزکے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی  اور  پیپلزپارٹی نے 14، 14 وارڈز میں کامیابی حاصل کی ۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کا پنجاب میں پلڑا بھاری رہا۔ اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن 51 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے رہی۔ صوبہ پنجاب میں کنٹونمنٹ بورڈ کے تمام 113 وارڈز کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن 51، آزاد امیدوار 32،پی ٹی آئی 28 ، جماعت اسلامی 2 وارڈز میں کامیاب ہوئی جبکہ پیپلز پارٹی ایک بھی نشست حاصل نہ کر سکی ۔

لاہور اور راولپنڈی میں بھی پاکستان تحریک انصاف کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور میں والٹن اور لاہور کینٹ مسلم لیگ ن نے جیت لیے جبکہ چکلالہ کینٹ میں بھی پی ٹی آئی کو اپ سیٹ شکست ہوئی۔ جبکہ واہ کینٹ میں مسلم لیگ ن نےجیت کر پاکستان تحریک انصاف کو بڑا دھچکا پہنچایا۔
دوسری جانب گوجرانوالہ میں پاکستان تحریک انصاف نے جیت کر مسلم لیگ ن کو مات دی، اس کے علاوہ بہاولپور، جہلم اور کھاریاں میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا۔

صوبہ سندھ میں کنٹونمنٹ بورڈ کے تمام 53 وارڈزکے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی  اور  پیپلزپارٹی نے 14، 14 وارڈز میں کامیابی حاصل کی۔ اس کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ 10 ،آزاد امیدوار 7،  جماعت اسلامی 5 اور  مسلم لیگ ن 3 وارڈز میں کامیاب ہوئی۔

دوسری جانب کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں کراچی کے تمام 42 وارڈز کے غیرسرکاری غیر حتمی نتائج سامنے آ گئے ہیں۔ ان نتائج کے مطابق پی ٹی آئی 14نشستیں حاصل کر کے  پہلے  اور پیپلز پارٹی  11 نشستیں حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہی جبکہ  6  آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ۔ اس کے علاوہ  جماعت اسلامی 5 نشستوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہی جبکہ  ایم کیو ایم  اور مسلم لیگ ن دونوں نے3،3 نشستیں حاصل کیں۔

ادھر صوبہ خیبرپختونخوا کے تمام 37 وارڈز کے غیر سرکاری نتائج اور غیر حتمی نتائج سامنے آگئے۔ غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق صوبے میں حکمراں جماعت پاکستان  تحریک انصاف نے 18 وارڈز میں کامیابی حاصل کی۔ غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق آزادامید واروں کو 9، مسلم لیگ ن کو 5، پیپلزپارٹی کو 3 اور عوامی نیشنل پارٹی کو  2 وارڈز میں کامیابی ملی۔

خیال رہے کہ ملک بھر کےکنٹونمنٹ بورڈز کے بلدیاتی انتخابات کے غیرسرکاری اور غیر حتمی نتائج سامنے آگئے ہیں۔ گذشتہ روز ملک کے کنٹونمنٹ بورڈز کے 212 وارڈز میں 1560 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا جبکہ پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 5 بجے تک جاری رہا۔ لاہور کے 2 کنٹوٹمنٹ بورڈز کیلئے 20 وارڈز میں 269 اميدوار، راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ میں 83 امیدوار، پشاور ميں 5 وارڈز کیلئے 45 اميدوار اور کوئٹہ کے 5 وارڈز کیلئے 31 اميدوار مدمقابل رہے۔

کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کے غیرسرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے 63، مسلم لیگ ن کے 59، آزاد امیدوار 52، پیپلزپارٹی کے 17، متحدہ قومی موومنٹ کے 10، جماعت اسلامی کے 7، بلوچستان عوامی پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے 2، 2 امیدوار کامیاب قرار پائے۔