ایشیا کپ 2023: پاکستان فائنل میں کیسے کوالیفائی کر سکتا ہے؟

انڈیا دو میچ جیتنے کے بعد چار پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے اور یقینی طور پر فائنل میں بھی پہنچ گیا ہےجبکہ پاکستان کی فائنل تک رسائی کھلاڑیوں کی کارکردگی اور لمحوں میں بدلتے موسم کے رحم و کرم پر ہے۔

ایشیا کپ 2023: پاکستان فائنل میں کیسے کوالیفائی کر سکتا ہے؟

تاریخ گواہ ہے پاکستان کرکٹ ٹیم ہر ایونٹ میں اگر مگر کی کشمکش سے گزر کر ہی سیمی فائنل یا پھر ناک آوٹ سٹیج تک کوالیفائی کرتی ہے۔ایک مرحلے سے دوسرے مرحلے تک ہمارا کوالیفائی کرنا کچھ ہماری محنت اور دعاوں پر  تو کچھ حد تک کسی دوسری ٹیم کی ہار جیت سے منسلک ہوتا ہے۔ اور دنیائے کرکٹ تو ماضی کی بہت ساری مثالوں سے بھرا ہوا ہے۔ اس بار ایشیاء کپ میں بھی ویسا ہی ہے۔ انڈیا سے بدترین شکست کے بعد کل تک ہم سری لنکا کے خلاف انڈیا کی جیت کی دعائیں کرتے رہے۔ اب انڈیا جیت گیا ہے تو صورت حال کچھ واضح ضرور ہوئی۔ پاکستان اگر مگر کی کشمکش سے تو نکل آیا ہے تاہم قومی ٹیم کے لیے حالات ابھی بھی سازگار نہیں ہوئے۔ اب   پاکستان ٹیم  اپنی کارکردگی اور  لمحوں میں بدلتے موسم کے رحم و کرم پر ہے۔

اب بھی سوال وہی ہے کہ ایشیاءکپ کے فائنل میں  کون سی ٹیمیں کوالیفائی کریں گی اور کون سی باہر؟ کیا پاکستان فائنل کے لیے کوالیفائی کرے گا یا پھر نہیں ؟

ایشیاءکپ سپر فور مرحلے کے دو میچ باقی ہیں۔ ایک پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جوکہ کل جمعرات کو کولمبو میں کھیلا جائے گا اور دوسرا میچ بھی کولمبو میں ہی انڈیا اور بنگلہ دیش کا جمعہ کو کھیلا جائے گا۔ اگر بات کریں انڈیا اور بنگلہ دیش کی تو انڈیا دو میچ جیتنے کے بعد چار پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے اور یقینی طور پر فائنل میں بھی پہنچ گیا ہے جبکہ بنگلہ دیش دو میچوں میں شکست کے بعد  چوتھے نمبر پر ہے۔

انڈیا اور بنگلہ دیش کے کے مابین ہونے والے میچ میں کوئی ہارے یا جیتے، اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ ان دونوں میں سے انڈیا فائنل میں جا چکا ہے۔

اب اگر بات کریں پاکستان اور سری لنکا کی تو  دونوں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں۔ نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر سری لنکا دوسرے اور پاکستان تیسرے نمبر پر ہے۔اب دونوں کا آپس میں میچ ہے ۔ جو ٹیم جیتی وہ فائنل  میں انڈیا کے مد مقابل ہو گی۔

لیکن اس تمام صورتحال میں ایک اور تیسرا فریق بھی موجود ہے  جو ٹیموں کی جیت یا ہار میں اہم کردار ادا کرے گا اور وہ ہے بارش ۔

اگر میچ کے دوران بارش آتی ہے اور متاثر ہونے کی وجہ سے مکمل نہیں ہو پاتا اور بے نتیجہ بھی رہتا ہے تو پھر دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا جائے گا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے تین تین پوائنٹس ہو جائیں گے۔ لیکن جس  ٹیم کا نیٹ رن ریٹ اچھا ہو گا وہ ٹیم فائنل میں کوالیفائی کرے گی۔

اور اگر نیٹ رن ریٹ کی بات کریں تو سری لنکا کا منفی 0.200 ہے اور پاکستان کا منفی 1.89 ہے۔ یوں نیٹ رن ریٹ سری لنکا کا بہتر ہونے پر سری لنکا فائنل کے لئے کوالیفائی کرے گی اور پاکستان بنگلہ دیش کی طرح ٹورنامنٹ سے باہر  ہوجائے گا۔اور پھر ایشیاء کپ 2023 کا فائنل انڈیا اور سری لنکا کے درمیان ہو گا۔

اور اگر خوش قسمتی سے موسم خوشگوار رہا اور اپنے  تیور نہ بدلے اور سری لنکا اور پاکستان کا میچ مکمل ہوتا ہے تو جیتنے والی ٹیم فائنل میں جائے گی۔مطلب یہ کہ پاکستان نے سری لنکا کو شکست دی تو  17 ستمبر کو پاکستان اور انڈیا کا فائنل ہو گا۔

اب پاکستانیوں کو سری لنکا کے خلاف پاکستان کی جیتے کی دعا تو کرنی ہی ہے ساتھ میں بارش کے لیے بھی دعا کریں اگر بارش سے میچ نہ ہو سکا تو پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گا۔