Get Alerts

’اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے والا اگلا ملک بحرین ہوگا، مزید عرب اور مسلم ممالک بھی امارات کی پیروی کریں گے‘

’اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے والا اگلا ملک بحرین ہوگا، مزید عرب اور مسلم ممالک بھی امارات کی پیروی کریں گے‘
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد اور مشیر وائٹ ہاؤس جیرڈ کشنر نے متحدہ عرب امارات کے بعد ایک اور عرب ملک کے اسرائیل سے تعلقات قائم ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

جیرڈ کشنر نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل اور امارات کے درمیان برف پگھلی ہے، مزید ممالک ایسا کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوی امکان ہے 3 ماہ میں ایک اور عرب ملک اسرائیل سے تعلقات قائم کر لے، یقین ہے دیگر ممالک بھی اسی قطار میں ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی ریاست سے تعلقات قائم کرنے والا اگلا ملک بحرین ہو گا۔

امریکہ کے مشیر برائے قومی سلامتی رابرٹ اوبرائن کا اس حوالے سے کہنا ہے حیران کن نہیں ہو گا، اگر اس معاملے پر صدر ٹرمپ کو نوبیل امن ایوارڈ دیا جائے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی اپنے بیان میں امید ظاہر کی ہے کہ مزید عرب اور مسلم ممالک امارات کی پیروی کریں گے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان باہمی تعلقات قائم کرنے کے لیے امن معاہدہ طے پایا ہے۔ معاہدے کے تحت اسرائیل مزید فلسطینی علاقے ضم نہیں کرے گا اور دو طرفہ تعلقات کے لیے دونوں ممالک مل کر روڈ میپ بنائیں گے۔