دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے پاکستان کے 76ویں یومِ آزادی کے موقعے پر اپنا ڈوڈل تبدیل کرکے سندھ کی ڈولفن کی طرف توجہ مبذول کرائی ہے۔
ہر سال گوگل یومِ آزادی کے موقعے پر پاکستان کو مبارکباد دینے کیلئے نئے ڈوڈل کا استعمال کرتا ہے۔ پاکستان کے علاوہ دنیا کے دیگر ممالک کیلئے مختلف مواقع پر الگ الگ ڈوڈل تیار کیے جاتے ہیں۔
آج منائے جانے والے یومِ آزادی کے موقعے پر گوگل نے ڈوڈل آرٹ ورک میں دانتوں والی انڈس ڈولفن کی نمائش کی جو دریائے سندھ میں معدومیت کے خدشات سے دوچار ہے۔
دریائے سندھ میں پائی جانے والی اس مخصوص ڈولفن کو نابینا ڈولفن بھی کہا جاتا ہے جبکہ تکنیکی و جینیاتی اعتبار سے ڈولفن کی یہ قسم حسِ بصارت رکھتی ہے تاہم دریاؤں میں آلودگی کے باعث کچھ بھی دیکھنے سے قاصر رہتی ہے۔
عالمی سطح پر گوگل کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں جسے انٹرنیٹ پر سب سے زیادہ استعمال کیے جانے والے سرچ انجن کی حیثیت حاصل ہے۔ گوگل کی جانب سے پاکستان کیلئے ڈوڈل بنائے جانے کا سلسلہ 2011 سے جاری ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کا 77واں یومِ آزادی ملک بھر میں ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔اس حوالے سے آج 14 اگست کے روز چھوٹی بڑی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔
دن کا آغاز اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔
سرکاری و نجی عمارتوں اور سڑکوں، بازاروں اور مارکیٹوں میں شاندار چراغاں کیا گیا ہے جبکہ قومی پرچم، جھنڈیاں، بانیانِ پاکستان کی تصاویر اور بینرز جگہ جگہ آویزاں کیے گئے ہیں۔
پاکستان کے 76 ویں یوم آزادی کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہ ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی کموڈور محمد خالد تھے، انہوں نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی۔
لاہورمیں علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقارتقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شاعر مشرق کو سلامی پیش کی۔
مزار علامہ اقبال پر پاک فوج کے دستے نے رینجرز کی جگہ گارڈز کے اعزازی فرائض سنبھال لیے ہیں۔ میجرجنرل قیصرسلیمان،گیریژن کمانڈر لاہور نے مزاراقبال پر پھولوں کی چادر رکھی اور فاتحہ خوانی کی۔