Get Alerts

'بزنس کلاس کی ٹکٹیں اور مہنگی ترین رہائشگاہ، امین اسلم سرکاری خرچ پر پورا خاندان گلاسگو لے گئے'

'بزنس کلاس کی ٹکٹیں اور مہنگی ترین رہائشگاہ، امین اسلم سرکاری خرچ پر پورا خاندان گلاسگو لے گئے'
سمیع ابراہیم نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے مشیر امین اسلم گلاسگو کے دورے میں اپنا پورا خاندان سرکاری خرچ پر لے گئے تھے۔ انہوں نے اپنے بیٹے اور بیٹی کو پاکستان یوتھ کا نمائندہ ظاہر کیا۔ کل خاندان کے 8 افراد وفد کا حصہ بنائے گئے، سب کیلئے بزنس کلاس کی ٹکٹیں اور مہنگی ترین رہائشگاہ بھی لی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ حال ہی میں گلاسگو میں منعقد ہونے والی ماحولیاتی کانفرنس میں سرکاری طور پر 8 بندوں کا وفد ڈکلیئر کیا گیا تھا لیکن درحقیقت ان کی تعداد 16 تھی، ان میں ملک امین اسلم کا سارا خاندان شامل تھا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک امین اسلم نے گلاسگو کانفرنس میں اپنی صاحبزادی کا تعارف پاکستانی یوتھ کی نمائندہ کی حیثیت سے کروایا۔ سوال یہ ہے کہ انھیں کس میرٹ کے تحت چنا گیا؟ اس بات کا ابھی تک جواب نہیں دیا گیا۔

https://twitter.com/BilalDarPK/status/1470736829615857666?s=20

سمیع ابراہیم کا کہنا تھا کہ مشیر کے خاندان کے افراد کو دورہ گلاسگو کے دوران ٹی اے ڈی اے سے بھی نوازا گیا۔ یہی نہیں انہوں نے اپنی فیملی کو جہاں ٹھہرایا وہاں ایک رات کا کرایہ 700 سٹرلنگ پائونڈ تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک امین اسلم کے خاندان کا وہاں تقریباً 14 دن تک قیام رہا۔ ان کیلئے آنے اور جانے کیلئے بزنس کلاس کی ٹکٹیں لی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سارے شاہانہ دورے میں سرکاری پیسہ تو خرچ نہیں کیا گیا لیکن یونائیٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ فنڈ (یو این ڈی پی) نے گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں ماحولیاتی تبدیلیوں سے بے آسرا ہونے والے افراد کیلئے جو فنڈ جاری کیا تھا، اس کو پتا نہیں کس طریقے سے تبدیل کرکے اسی پیسے سے گلاسگو میں پرتعیش رہائشگاہ اور سفر کیلئے مہنگی ترین ٹکٹوں کا انتظام کیا گیا تھا۔