شادی کے دو ہفتوں کے بعد بیوی کے ’مرد‘ ہونے کا انکشاف

شادی کے دو ہفتوں کے بعد بیوی کے ’مرد‘ ہونے کا انکشاف
مشرقی افریقا کے ملک یوگنڈا میں مقامی مسجد کے امام کو شادی کے 2 ہفتے بعد انکشاف ہوا کہ اس کی بیوی خاتون نہیں بلکہ مرد ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیونگا ضلع میں واقع مسجد کے امام محمد موطمبیٰ نے‘ثواب اللہ نابوکیرا‘ نامی خاتون سے شادی کی لیکن اس وقت دھوکے باز دلہن کا بھانڈہ پھوٹ گیا جب پولیس نے امام کے گھر سے چوری کے الزام میں اسے گرفتار کر کے مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔

کرمنل تفتیشی افسر ایسک موگیرا کا کہنا ہے کہ ’ نابوکیرا‘ کو خاتون چور سمجھ کر گرفتار کیا گیا اور حراست میں لینے کے بعد لیڈی پولیس اہلکاروں کے حوالے کیا گیا کیونکہ اس نے حجاب اور سینڈل پہن رکھی تھی۔

ان کے بقول جب لیڈی پولیس اہلکاروں نے جامعہ تلاشی لی تو انکشاف ہوا کہ مشتبہ شخص خاتون کا روپ دھار کر لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونک رہا تھا۔

پولیس نے فوری طور پر امام کو اطلاع دی جسے سن کر وہ دنگ رہ گیا، پولیس نے بتایا کہ آپ کی اہلیہ دراصل ایک مرد ہے جس کی شناخت 27 سالہ توموشبے کے نام سے ہوئی ہے۔

ملزم نے بتایا کہ چوری کی غرض سے اس نے امام سے شادی کی تھی اور خاتون کا روپ دھار کر اس نے سب کو دھوکا دیا، دوران تفتیش ملزم نے گھاؤنے فعل میں معاونت کرنے والی ایک رشتہ دار کا نام بھی بتایا جس نے شادی منعقد کرانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا، پولیس نے ملزم کے بیان پر اس کی سہولت کار آنٹی کو بھی گرفتار کر لیا۔