Get Alerts

کرپشن الزامات ثابت ہونے پر میئر اسلام آباد کی معطلی کی سفارش، نام ای سی ایل میں ڈالنے پر غور

کرپشن الزامات ثابت ہونے پر میئر اسلام آباد کی معطلی کی سفارش، نام ای سی ایل میں ڈالنے پر غور
میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز پر اربوں روپے کرپشن کے الزامات، کمیشن نے معطلی کے لئے سفارشات وزارت داخلہ کو بھیجنے کی سفارش کر دی۔

کرپشن، اقربا پروری، بدانتظامی، سرکاری خزانے کو نقصان سمیت متعدد الزامات ثابت ہونے پر لوکل گورنمنٹ کمیشن نے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کو معطل کرنے کی سفارش کر دی ہے۔ تمام تحقیقات مکمل ہونے تک میئر اسلام آباد، ڈپٹی میئرز اور متعلقہ افسران کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے پر بھی غور شروع کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جمعرات کے روز لوکل گورنمنٹ کمیشن کا اجلاس چیئرمین کمیشن علی نواز اعوان کی سربراہی میں ہوا، جس میں میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کے خلاف انٹرسٹی ٹرانسپورٹ اڈا میں چار کروڑ روپے کی کرپشن کا ریفرنس پیش کیا گیا۔ میئر کیخلاف مذکورہ ریفرنس چیف میٹروپولیٹین آفیسر(سی ایم او) سیدہ شفق ہاشمی نے پیش کیا، جس پر چئیرمین کمیشن علی نواز اعوان نے کمیشن کے ارکان کی ووٹنگ کے بعد میئر کی معطلی کی سفارش وزارت داخلہ کو بھجوا دی۔

کمیشن نے میئر اسلام آباد کے ماتحت شعبے ڈائریکٹوریٹ آف میونسپل ایڈمنسٹریشن (ڈی ایم اے) میں اشتہاراتی بورڈز کی ٹیکس وصولی میں مبینہ طور پر اربوں روپے کی کرپشن پر مبنی ذیلی کمیٹی کی رپورٹ پر تحقیقات کے لئے تمام ریکارڈ ایف آئی اے کے حوالے کرتے ہوئے تحقیقات کا بھی حکم دے دیا ہے۔مزید برآں کمیشن نے سال 2019 میں منڈی مویشیاں نہ لگانے کی انکوائری سی ایم او سیدہ شفق کے حوالے کر دی ہے۔

رواں سال منڈی مویشیاں لگانے کی ذمہ داری بھی سی ایم او سیدہ شفق ہاشمی کے سپرد کر دی گئی ہیں۔

اجلاس کے دوران چیئرمین کمیشن علی نواز اعوان کا کہنا تھا کہ ہمیں تو آج پتہ چلا جو کرپشن ایم سی آئی کے شعبہ ڈی ایم اے میں ہے اتنی تو کراچی ڈی ایم اے میں بھی نہیں ہے۔ کمیشن نے ڈی ایم اے کو ریکوری کی مد میں ملنے والے چیک باؤنس ہونے پر مقدمات درج کرانے کا حکم بھی جاری کر دیا ہے۔

ذرائع کا اس حوالے سے دعویٰ ہے کہ اشتہاری بورڈز، بی ٹی ایس ٹاورز اور سال 2019 میں منڈی مویشیاں نہ لگنے کی محکمانہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں یہ تحقیقات بھی ایف آئی اے کے حوالے کی جائیں اور ان تحقیقات کے مکمل ہونے تک میئر اسلام آباد سمیت ڈپٹی میئرز اور دیگر افسران کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں بھی ڈالنے کی سفارش کی جارہی ہے۔

عبداللہ مومند اسلام آباد میں رہائش پذیر ایک تحقیقاتی صحافی ہیں۔