Get Alerts

مسیحی برادری کا جگہ دینے سے انکار، پی ٹی آئی نے سیالکوٹ میں جلسے کا مقام تبدیل کر دیا

مسیحی برادری کا جگہ دینے سے انکار، پی ٹی آئی نے سیالکوٹ میں جلسے کا مقام تبدیل کر دیا
سیالکوٹ میں مسیحی برادری کی جانب سے چرچ کی جگہ پر جلسہ کرنے سے انکار اور کارکنان کی گرفتاری کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے سیالکوٹ میں جلسہ گاہ کا مقام تبدیل کر دیا۔ پی ٹی آئی کا جلسہ اب سی ٹی آئی گراؤنڈ کی بجائے وی آئی پی کرکٹ گراؤنڈ میں ہو گا۔

پی ٹی آئی رہنما شفقت محمود نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ پی ٹی آئی کا جلسہ وی آئی پی کرکٹ گراؤنڈ میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں ہمارے لوگ پر امن طور پر موجود تھے۔ ہم اپنے لیڈران پر تشدد کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ نااہل حکومت کو کہتے ہیں ہم اپنا جمہوری حق استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنا جمہوری اور آئینی حق استعمال کر رہے ہیں۔خواجہ آصف کے کہنے پر تشدد کیا گیا جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہیں۔ہم ابھی جمہوری طریقے سے اپنا آئینی حق استعمال کر سکتے ہیں۔

شفقت محمود نے مزید کہا کہ ایسے ہتھکنڈے استعمال کیے گئے تو لاک ڈاؤن ، ہڑتال کرنا پڑے گی۔گراؤنڈ پر جلسے کا معاہدہ ہوا کوئی رکاوٹ نہیں تھی۔ رات کے تین بجے کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ اس وقت ملک میں شدید بحران ہے۔ملک کے مسائل کا حل صرف الیکشن ہے۔اس بحران سے نکلنے کا راستہ ہے کہ فوری طور پر الیکشن کی طرف جائیں۔

خیال رہے کہ تحریک انصاف کی سی ٹی آئی گراؤنڈ میں بغیر اجازت جلسے کی تیاریاں کرنے پر پولیس نے عثمان ڈار سمیت کئی کارکنوں کو گرفتار کیا۔ پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج پی ٹی آئی کارکن منتشر ہوگئے۔ پولیس نے کرین کی مدد سے جلسہ گاہ سے سامان ہٹانا شروع کر دیا۔ ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت نہیں دی تھی۔

اس موقع پر عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ جیل میں ڈالنے سے کپتان کی محبت کم نہیں ہوگی، ہم جیل سے باہر نکلیں گے، پھر جلسہ کریں گے، عمران خان سیالکوٹ میں جلسہ کرنے آئیں گے، عمران خان کیساتھ کھڑے ہیں، جیلیں بھر دیں گے۔

دوسری جانب ڈی پی او سیالکوٹ کا کہنا تھا کہ یہ مسیحی برادری کی جگہ ہے، مسیحی برادری نےکہا کہ ہماری جگہ پر سیاسی جماعت جلسہ کر رہی ہے، عبادت گاہ کے سامنے زبردستی جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ہم انہیں جلسے کے لیے متبادل جگہ دینے کے لیے تیار ہیں۔

مسیحی کمیونٹی نے ہائیکورٹ میں درخواست دی تھی، ہائیکورٹ کا حکم ہے کہ گراؤنڈ میں جلسے کو روکیں، ڈپٹی کمشنر نے جلسے کی جازت دینے سے انکار کر دیا ہے جبکہ ہمارے پاس ہدایات ہیں کہ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔