سیالکوٹ میں پولیس نے پی ٹی آئی کے جلسے کے لیے بغیر اجازت سی ٹی آئی گراؤنڈ میں انتظامات کیے جانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان ڈار سمیت پی ٹی آئی کے 40 کارکنان کو گرفتار کرلیا ہے۔
سیالکوٹ میں آج پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے جلسے کی بغیر اجازت تیاریاں رکوانے کے لیے پولیس کی بھاری نفری جلسہ گاہ پہنچ گئی اور گراؤنڈ کا گھیراؤ کرلیا۔
جلسہ گاہ میں پولیس بھاری مشینری کے ساتھ گراؤنڈ کی اکھاڑ پچھاڑ کرنے لگی، سامان ہٹائے جانے پر پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے مزاحمت کی گئی۔
پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار مشینری کے آگے اپنے کارکنان سمیت لیٹ گئے، انہوں نے کہا کہ یہ مشینری ہمارے اوپر سے گزرے گی۔
پولیس کی جانب سے کارکنان کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، بعد ازاں پولیس نے پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار، عمر ڈار، حافظ حامد رضا، برگیڈیئر اسلم گھمن، اسجد ملہی، سیعد بھلی، مہر کاشف، بیرسٹر جمشید غیاث، چوہدری شمس سمیت 40 کے قریب پی ٹی آئی کارکنان کو حراست میں لے لیا۔
ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ جلسے کے لیے سی ٹی آئی گراؤنڈ کے مالکان سے اجازت نہیں لی گئی تھی، مالکان کی رضامندی کے بغیر کسی کو جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے، گراؤنڈ میں جلسے کی کال پر مسیحی برادری سراپا احتجاج ہے۔
ڈی پی او حسن اقبال نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کی جانب سے کہا گیا کہ سیاسی جماعت ہماری جگہ پر جلسہ کررہی ہے، عبادت گاہ کے سامنے جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے، متبادل جگہ دینے کے لیے تیار ہیں۔
دریں اثنا عثمان دار نے گرفتاری کے بعد پولیس وین سے اپنا ویڈیو بیان جاری کیا، انہوں نے کہا کہ ہمیں آج سیالکوٹ گراؤنڈ سے گرفتار کیا گیا، اس پرزنر وین میں انہوں نے ہمیں ڈالا ہے، یہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں پرزنر وین میں ڈال کر عمران خان کے لیے ہمارے جنون اور جذبے کو قید کرلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے نوجوانوں کو کہتا ہوں نکلو باہر، سیالکوٹ کے عظیم لوگوں نکلو باہر، عمران خان آج سیالکوٹ ضرور آئیں گے، یہ لوگ ہمیں جیلوں میں ڈال دیں، پر امن جلسہ ہمارا قانونی اور آئینی حق ہے۔
عثمان ڈار نے کہا کہ ہم پھر باہر نکلیں گے اور حقیقی آزادی کی تحریک چلائیں گے اور جلسہ کریں گے، یہ طوفان اور جنون اب رکنے والا نہیں ہے، ہم عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایک دن پہلے انہوں نے کہا کہ سب کچھ یہاں سے اٹھا لو، ہم نہیں گھبرانے والے، ہم ڈٹے ہوئے ہیں، حقیقی آزادی کی تحریک چل کر رہے گی۔
دوسری جانب پریسٹیرین چرچ آف پاکستان ڈاکٹر مجید ابیل کی جانب سے جاری ویڈیو پیغام میں کہا گیا کہ سی ٹی آئی بوائز ہائی اسکول پریسٹیرین چرچ آف یو ایس اے کی ملکیت ہے جسے تعلیم کے فروغ کے لیے پریسٹیرین ایجوکیشن بورڈ کے سپرد کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس گراؤنڈ میں ہماری عبادت کا سالانہ پروگرام بھی ہوتا ہے، اس کے علاوہ وہ کیمپس کسی اور مقصد کے لیے استعمال نہیں ہوسکتا، نہ ہم ہونے دیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ جونہی ہمیں پتا چلا کہ وہاں پی ٹی آئی نے کوئی جلسہ منعقد کرنے کے لیے سرگرمیاں شروع کی ہیں تو ہم نے فوری طور پر اس بحرانی صورتحال پر قابو پانے کے لیے ڈی سی سیالکوٹ کو درخواست دی جس پر کام ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ حکومت پاکستان اور مقامی حکومت ہمیں انصاف فراہم کریں گے، تمام مسیحی جو اس صورتحال سے پریشانی اور اضطراب کا شکار ہیں میں ان کو بھی تسلی دینا چاہتا ہوں۔
واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے آج سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب کرنا ہے۔