صوبہ بلوچستان کے ضلع قلات میں واقع گاؤں میں ایک مرد اور عورت کو غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا، لیویز فورس نے تحقیقات شروع کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات میں غیرت کے نام پر قتل کا حالیہ واقعہ ضلع کے چھپر گیاوندرا یونین کونسل میں پیش آیا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوع پر پہنچ کر دونوں لاشوں کو طبی اور قانونی کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال قلات منتقل کیا۔
علاقہ مکینوں نے لیویز فورس کو غیرت کے نام پر قتل کے واقعے سے آگاہ کیا تھا۔ لیویز فورس کے عہدیداروں نے بتایا کہ قتل کیے جانے والے شخص کا نام امداد علی ہے لیکن انہوں نے خاتون کا نام بتانے سے انکار کر دیا۔
اس حوالے سے ایک عہدیدار نے گاؤں کے رہائشیوں کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قتل کے پس پردہ حقائق معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں ہر سال درجنوں مرد اور خواتین کو غیرت کے نام پر قتل کردیا جاتا ہے۔